بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں دسمبر کے شروع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

  • November 25, 2025, 10:09 am
  • Weather News
  • 232 Views

کوئٹہ: بلوچستان کے طویل خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں آئندہ ماہ موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے کے زیرِ اثر 6 سے 10 دسمبر کے دوران بارشوں کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا، جو وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے سے ژوب، شیرانی، موسی خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت صوبے کے بیشتر قحط زدہ اضلاع میں نمایاں بارشیں ہوں گی۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں جبکہ عرب سمندر سے نمی کے مسلسل اضافے کے باعث بارشوں کا سلسلہ طویل اور مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ توقع ہے کہ ان بارشوں سے ڈیموں اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں نمایاں بہتری آئے گی۔

خشک سالی سے متاثرہ کسانوں، چرواہوں اور دیہی آبادیوں نے اس پیشگوئی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بارشیں زمین کو سیراب کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خصوصاً ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد ممکنہ طغیانی سے باخبر رہیں۔