عوامی دباؤ رنگ لے آیا: کوئٹہ کی متعدد شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، ٹریفک معمول پر

  • November 19, 2025, 9:31 am
  • National News
  • 334 Views

شہریوں کے بھرپور عوامی دباؤ اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد کوئٹہ کے متعدد اہم علاقوں میں سیکورٹی کے نام پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، جس کے بعد ٹریفک کی روانی مکمل طور پر بحال ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ نے انسکمب روڈ، جعفر جمالی روڈ، پرنس روڈ، افغان سفارتخانے کے اطراف سمیت شہر کے دیگر حصوں سے رکاوٹیں ہٹا دیں، جس سے ٹریفک کی بندش کا مسئلہ ختم جبکہ عوام کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آگئی۔

شہریوں نے متعدد دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دار آواز اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اہم شاہراہوں کی بلاجواز بندش نے روزمرہ زندگی مفلوج کر دی ہے۔ ان کے مطابق ایمبولینسوں کی نقل و حرکت متاثر، دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز تک رسائی انتہائی مشکل ہو چکی تھی۔

مسلسل عوامی شکایات اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

رکاوٹیں ختم کیے جانے کے بعد شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند اور عوامی آواز کی فتح قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ سیکورٹی اقدامات کے تحت کسی بھی شاہراہ کی بندش سے پہلے عوامی مفاد، ایمرجنسی رسپانس اور روزمرہ آمدورفت کو ضرور مدنظر رکھا جائے۔