غلط بلنگ پر عدالت برہم، سوئی گیس کمپنی سے فوری اصلاحی رپورٹ طلب

  • November 19, 2025, 9:30 am
  • National News
  • 235 Views

بلوچستان ہائیکورٹ نے صارفین کو بھیجے گئے ہزاروں اور لاکھوں روپے کے گیس بلوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوئی گیس کمپنی کو بلنگ فوری طور پر درست کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے گیس کمپنی اور اوگرا کی جمع کرائی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے واپس کر دیا اور آئندہ سماعت پر مفصل اور قابلِ عمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گیس کی بلنگ سے متعلق درخواست کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کامران خان ملاخیل اور جسٹس ایوب خان ترین پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران اوگرا چیئرمین اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی رپورٹ جمع کرائی۔

درخواست گزار سید نزیر آغا ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گیس کمپنی بلوچستان ہائیکورٹ کے 23 جون 2024 کے حکم کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے اور اکتوبر کے مہینے میں صارفین کو ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بھاری بھرکم بل بھجوا دیے گئے ہیں۔ اس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور حکام کو حکم دیا کہ وہ 23 جون 2024 کے عدالتی احکامات پر بلا تاخیر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سماعت کے دوران گیس کمپنی کے بلنگ انچارج محمد عمران نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ جن صارفین کو اضافی چارجز کے ساتھ بل بھیجے گئے ہیں، انہیں درست کر دیا جائے گا۔

عدالت نے آئندہ سماعت 11 دسمبر 2025 مقرر کرتے ہوئے حکم دیا کہ اس تاریخ کو 23 جون 2024 کے حکم پر مکمل عملدرآمد کے ساتھ پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔