گیس لوڈشیڈنگ کا وقت تبدیل
- November 19, 2025, 9:29 am
- National News
- 593 Views
سوئی سدرن گیس کمپنی کے گروپ جنرل منیجر شاہد شیخ اور ڈپٹی جنرل منیجر سلمان صدیقی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں گیس لوڈشیڈنگ کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔ اب گیس کی بندش رات 10 بجے کے بجائے رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوگی، جس کے نتیجے میں عوام کو 2 گھنٹے اضافی گیس کی فراہمی میسر آئے گی۔
انہوں نے یہ بات منگل کے روز کوئٹہ پریس کلب میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری ایوب ترین، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد، میڈیا ریلیشن منیجر صدف عباس، منیجر میڈیا ریلیشن صفدر حسین، چیف انجینئر الطاف حسین سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
شاہد شیخ اور سلمان صدیقی نے بتایا کہ قدرتی گیس کی طلب میں مسلسل اضافہ جبکہ فراہمی میں کمی کے باعث کمپنی کو لوڈ شیڈنگ کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن ملک بھر میں 50 ہزار کلومیٹر سے زائد پائپ لائنوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے گیس خرید کر صارفین تک پہنچاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کی روشنی میں کوئٹہ اور بلوچستان کے لیے الگ ٹیرف مقرر ہے اور خطے میں سرد موسم کے باعث عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 2 گھنٹے کم کیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ گیس جیسی قیمتی نعمت کا ضیاع نہ کیا جائے اور رات کو سونے سے پہلے گیس ہیٹرز اور چولہوں کو مین والو سے اچھی طرح بند کردیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مچھ میں متاثر ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت آج رات مکمل کرلی جائے گی، جس کے بعد علاقے میں گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔
کمپنی حکام نے مزید بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی گیس کی بچت اور حفاظتی آگاہی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی ابتدا کوئٹہ سے کی گئی ہے۔










