آئی جی ایف سی کا کوئٹہ شہر کے عوامی مقامات کا دورہ، شہریوں سے براہ راست رابطہ، مسائل سنے
- November 14, 2025, 11:35 am
- National News
- 239 Views
کوئٹہ : آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے کوئٹہ شہر کے مختلف عوامی مقامات کا دورہ کیااور شہریوں میں گھل مل کر ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر مقامی تاجروں، مزدوروں اور کاروباری شخصیات نے اعلی فوجی افسر کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ لوگوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بھی بنوائیں۔ میجر جنرل عاطف مجتبی نے شہریوں کے مسائل کو ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے فوری حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران آئی جی ایف سی نارتھ نے مشن روڈ، میزان چوک، قندھاری بازار، لیاقت بازار، منان چوک، انسکمب روڈ اور زرغون روڈ سمیت شہر کے اہم تجارتی اور عوامی مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا۔وہ عام شہریوں کی طرح بازاروں میں گھومے، دکانداروں اور گاہکوں سے براہ راست بات چیت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔شہریوں نے انہیں اپنے روزمرہ مسائل، سیکیورٹی خدشات، ٹریفک مسائل، صفائی ستھرائی اور دیگر محلی امور سے آگاہ کیا۔مقامی تاجروں نے کہا کہ ایک اعلی فوجی افسر کا اس طرح عوام میں گھل مل کر مسائل سننا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ ایک تاجر نے بتایا کہ ہم نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ آئی جی ایف سی خود بازار میں آئیں گے اور ہماری بات سنیں گے۔مزدوروں اور کاروباری افراد نے بھی اس دورے کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام عوام اور فورسز کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا۔آئی جی ایف سی نے عوام کو یقین دلایا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ عوام کی فلاح و بہبود اور سیکیورٹی کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور ایسے دورے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام اور اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو۔










