چمن بارڈر پر افغان جانب سے پاکستانی پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ، ترجمان وزارت اطلاعات
- November 7, 2025, 11:53 am
- Breaking News
- 239 Views
کوئٹہ: چمن بارڈر پر افغانستان کی جانب سے پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر اور ذمہ دارانہ کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لے لیا۔
ترجمان وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان کی جانب سے آج پاک افغان سرحد چمن پر پیش آنے والے واقعے سے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور قابلِ مذمت ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ فائرنگ افغان حدود سے شروع کی گئی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری، مگر انتہائی ذمہ داری کے ساتھ ردِعمل دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی فورسز کے بروقت اور پیشہ ورانہ اقدام کے باعث صورتحال جلد معمول پر آ گئی اور جنگ بندی بحال ہے۔
ترجمان وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور سرحدی مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان حکام بھی اسی جذبے کے ساتھ تعاون اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔











