بلوچستان کے متعدد اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع

  • November 7, 2025, 11:51 am
  • Weather News
  • 234 Views

کوئٹہ: علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، ژوب، مستونگ اور قلات میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد تک گرنے کا امکان ہے۔ یہ صورتحال آئندہ ہفتے تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔

صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا۔ جمعرات کے روز پشین، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، ژوب اور قلات میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے وقت شدید سردی محسوس کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بھی پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، ژوب اور قلات میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت مزید کم ہو سکتا ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی علاقے میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، جبکہ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔