جامعہ بلوچستان کی داخلہ فیس میں ہوشربا اضافہ، والدین اور طلبہ میں تشویش کی لہر
- November 6, 2025, 11:04 am
- Education News
- 222 Views
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) — جامعہ بلوچستان نے بی ایس پروگرامز کی داخلہ فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث والدین اور طلبہ میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے بی ایس (2025–29) سیشن کی فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے جو عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہے۔
ذرائع کے مطابق جامعہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ریوائزڈ فیس اسٹرکچر کے تحت ہر سال فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا، تاہم رواں سال بعض شعبہ جات میں فیسوں میں معمول سے کہیں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شعبہ کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں سیلف فنانس کیٹیگری کے تحت داخلہ لینے والے طلبہ سے 50 ہزار روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں، جس نے والدین کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
والدین اور طلبہ نے اس فیصلے پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں جہاں تعلیمی سہولیات پہلے ہی محدود ہیں، فیسوں میں اس قدر اضافہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا مزید مشکل بنا دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف کالجز اور دیگر جامعات میں انہی کورسز کی فیسیں جامعہ بلوچستان کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ والدین نے حکومت بلوچستان اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن (HEC) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور فیسوں کو سابقہ سطح پر بحال کیا جائے تاکہ تعلیم عام طلبہ کی پہنچ سے باہر نہ ہو۔











