بزدلا نہ حملے کر کے کو ئی جعفر ایکسپر یس کو بند نہیں کر وا سکا نہ کر وا سکے گا ،حنیف عبا سی

  • November 5, 2025, 12:53 pm
  • National News
  • 141 Views

لاہور: وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلویز پولیس میں موجودہ اور جاری کل 1500افسران اور ملازمین کے بھرتی کا عمل نہایت ہی شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا ہے،پاکستان ریلویز کی بقا کے لئے ابتک ریلویز پولیس کے 37جوانوں نے جام شہادت نوش فرمایا اور ان میں سے چند شہداء قائد اعظم/پاکستان پولیس میڈل کے حامل بھی ہو چکے ہیں، ان سب کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،بزدلانہ حملے کر کے کوئی جعفر ایکسپریس کو بند نہیں کرواسکا اور نہ کرواسکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہون نے ریلویز پولیس ٹریننگ اسکول والٹن میں 68ویں ریکروٹ، ساتویں انٹرمیڈیٹ، چھٹے ڈرل انسٹرکٹر اور پہلے سب انسپکٹر لیگل کورسز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جس میں 468اہلکاروں بشمول 97خواتین پاس آئوٹ ہوئیں۔مہمانِ خصوصی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کا آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز)نے پرتپاک استقبال کیا۔وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے شاندار پریڈ کا معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی ٹریننگ عبدالرب چودھری اور پرنسپل ریلویز پولیس ٹریننگ اسکول والٹن اقصی رسول اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ٹرینیز کو 6ماہ کے دورانیہ میں دور جدید کے تقاضوں کے پیشِ نظر جدید تربیت دی گئیجس میں جوانوں کو دہشت گردی جیسے موزی مرض سے نبردآزما ہونے کیلئے سخت جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ جوڈو کراٹے، سیلف ڈیفنس، ان آرمڈ فائٹ، ویپن ہینڈلنگ، فائرنگ، فزیکل فٹنس اور ضروری فوجداری قوانین اور سکیورٹی میں خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ٹرینیز کو ڈرائیونگ سکھائی گئی اور ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کروائے گئے۔ آئی جی ریلویز پولیس نے سپاس نامہ پیش کیا اور اپنی تقریر میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا اور تمام جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے سے نہ صرف ریلویز پولیس کے افسران اور جوانوں نے استفادہ حاصل کیا بلکہ یہاں سے ایف آئی اے اور اے این ایف جیسے اداروں کے جوانوں نے بھی بنیادی تربیت حاصل کی۔ آئی جی نے ریلویز پولیس میں 1500سیٹوں پر بھرتی کی اجازت دینے پر منسٹر ریلویز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کو خالصتاً میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے۔آئی جی نے مہمان خصوصی سے گذارش کی کہ ریلویز پولیس میں بھرتی مستقل بنیادوں پر کی جائے اور موجودہ کنٹریکٹ پر ہونے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے مزید ملازمین کے اسکیل اپ گریڈ کرنے اور ریلویز پولیس کے بینڈ اسٹاف میں بھرتی کی اجازت کی درخواست کی۔وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے نے اپنی تقریر میں پاس آئوٹ ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اپنی ڈیوٹی پوری تندہی اور لگن سے سرانجام دیں اور مصیبت زدہ مسافروں کے مددگار بنیں اور فیلڈ میں جاکر ریلویز پولیس ٹریننگ اسکول والٹن سے حاصل کردہ تربیت کو عملی جامہ پہنا کر ملک کا نام روشن کریں۔ وزیر ریلویز کا کہنا تھا کہ آئی جی ریلویز کی سرابرہی میں ریلویز پولیس کی کارکردگی مزید بہتر ہوگئی ہے اور اس فورس نے ایک مقام حاصل کرلیا ہے۔آئی جی ریلویز کی کمان میں بغیر ٹکٹ مسافروں اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں، اینٹی انکروچمنٹ آپریشنز میں معاونت اور کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس جیسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز پولیس میں موجودہ اور جاری کل 1500افسران اور ملازمین کے بھرتی کا عمل نہایت ہی شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا ہے۔وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی بقا کے لئے ابتک ریلویز پولیس کے 37جوانوں نے جام شہادت نوش فرمایا ہے اور ان میں سے چند شہداء قائد اعظم/ پاکستان پولیس میڈل کے حامل بھی ہو چکے ہیں۔ ان سب کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ دشمن نے بڑی کوشش کی مگر نہ میرا ڈرائیور، نہ مسافر اور نہ ریلویز پولیس و دیگر سکیورٹی اہلکار ڈرے لہٰذا کوئی جعفر ایکسپریس کو بند نہیں کرواسکا اور نہ کرواسکے گا۔ آخر میں آئی جی ریلویز کی مستقل بھرتی، اسکیل اپ ریڈیشن اور بینڈ سٹاف جیسی گزارشات کی اجازت کا اعلان کیا۔وزیر ریلویز نے ٹریننگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا۔نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں کوئٹہ ڈویژن کے سمیع اللہ، راولپنڈی ڈویژن کے عدیل احمد اور رقیہ الطاف، کراچی ڈویژن کے عبدالغفور، لاہور ڈویژن کے حماد، پشاور ڈویژن کے مسرور علی، سکھر ڈویژن کے شہباز علی اور ورکشاپس ڈویژن کے زین عالم شامل ہیں۔تقریب میں سی ای او ریلویز عامر علی بلوچ، ڈی آئی جی نارتھ عبدالرب چودھری، ڈی جی والٹن سفیان سرفراز ڈوگر اور اے آئی جی ایڈمن سید حماد حیدر سمیت ریلویز و ریلویز پولیس افسران، ملازمین اور فیملیز نے شرکت کی۔