افغان مہاجرین کی باعزت واپسی جاری
- October 27, 2025, 1:37 pm
- National News
- 172 Views
پاک افغان سرحد بابِ دوستی گیٹ سے افغان مہاجرین کی منظم، باوقار اور باعزت واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس عمل کو مکمل قانونی ضابطوں کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، تاکہ واپسی کا عمل منظم اور شفاف انداز میں مکمل ہو۔
گزشتہ چالیس سالوں کے دوران پاکستان نے لاکھوں افغان بھائیوں کو پناہ، روزگار اور تحفظ فراہم کیا، جو انسانی ہمدردی اور بھائی چارے کی ایک روشن مثال ہے۔ اب حکومت پاکستان مہاجرین کی قانونی اور باعزت وطن واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، سرحد عبور کرنے سے قبل تمام دستاویزات کی باقاعدہ تصدیق کی جاتی ہے، جس کے بعد ہی افغان مہاجرین کو افغانستان جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اس وقت روزانہ 3 سے 4 ہزار افراد چمن سرحد سے افغانستان واپس جا رہے ہیں، جبکہ تین مراحل (Phases) میں اب تک تقریباً 6 لاکھ مہاجرین اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔
واپسی کے اس عمل میں سول انتظامیہ اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا کردار کلیدی ہے، جو مہاجرین کے لیے رہائش، کھانے اور بنیادی سہولیات کے انتظامات یقینی بنا رہی ہے۔
حکومتِ پاکستان کے اعلان کے مطابق، اب ملک میں داخلہ صرف پاسپورٹ اور ویزہ کی بنیاد پر ہی ممکن ہوگا۔ یہ پالیسی قومی سلامتی، قانون کی پاسداری اور پاک افغان تعلقات میں باہمی احترام کو فروغ دینے کی ایک مثبت کوشش ہے۔
افغان مہاجرین نے حکومت پاکستان، سول انتظامیہ اور ایف سی بلوچستان کے اقدامات، تعاون اور بہتر انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں واپسی کے دوران عزت و احترام اور سہولتوں کے ساتھ رخصت کیا جا رہا ہے۔











