سلمان خان کے جانب سے بلوچستان کو ایک علیحدہ ملک کے طور پر بیان کرنے پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین شدید برہم
- October 23, 2025, 9:58 am
- World News
- 295 Views
گزشتہ دنوں سلمان خان نے شاہ رخ خان اور عامر خان کے ہمراہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ ’جوائے فورم‘ میں شرکت کی، جو سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت ہر سال منعقد ہونے والا ایک بڑا تفریحی ایونٹ ہے۔اس تقریب میں دنیا بھر سے فلم، موسیقی اور گیمنگ انڈسٹری کے معروف ستارے، پروڈیوسرز اور انفلوئنسرز شریک ہوئے۔سلمان خان نے تقریب کے دوران بھارتی فلم انڈسٹری کی عالمی مقبولیت، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں مقبولیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بولی وُڈ، تمل، تیلگو یا ملیالم فلم یہاں ریلیز کی جائے تو وہ فوری طور پر سپر ہٹ ثابت ہوتی ہے اور سیکڑوں کروڑ کماتی ہے، کیونکہ یہاں مختلف ممالک کے بہت سے لوگ کام کرنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں بلوچستان سے لوگ ہیں، یہاں افغانستان سے لوگ ہیں، یہاں پاکستان سے لوگ ہیں، سب یہاں کام کر رہے ہیں۔اداکار کے بلوچستان کو ایک علیحدہ ملک کے طور پر بیان کرنے پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سخت برہم ہوئے۔بلوچستان کے لوگوں کو پاکستانیوں سے الگ ذکر کرنے کو پاکستانی صارفین نے پاکستان کی علاقائی سالمیت پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک صوبہ ہے جو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اداکار اپنی جیوپولیٹکس کھیلنے میں مصروف ہیں، جب کہ ایک اور صارف نے مشورہ دیا کہ سلمان خان کو بلوچستان نہیں بلکہ خالصتان کی فکر کرنی چاہیے۔کچھ صارفین نے کہا کہ سلمان خان نے یہ بات جان بوجھ کر کہی اور ممکن ہے کہ انہیں ایسا کہنے کے لیے کہا گیا ہو۔










