کورونا کی چوتھی لہر میں تیزی، حکومت نے چین سے ایک اور نئی ویکسین خرید لی

  • August 2, 2021, 2:47 pm
  • COVID-19
  • 199 Views

عالمی وباء کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آنے پر حکومت نے چین سے ایک اور نئی ویکسین خرید لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے خریدی گئی کونویڈ یسا ویکسین کی پہلی کھیپ چین سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے ، پاکستان نے چینی کمپنی سے 15 لاکھ کونویڈیسا ویکسین ڈوز خریدی ہیں، چین سے کونویڈیسا کی 3 لاکھ تیار اور 12لاکھ ڈوز کا خام مال خریدا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے ، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 8.61 فیصد رہی ، کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 462 ہوگئی ، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 39 ہزار 695 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 858 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 57 ہزار 735، سندھ میں 3 لاکھ 85 ہزار 414، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 44 ہزار 848، بلوچستان میں 30 ہزار 502، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 212 ، اسلام آباد میں 88 ہزار 93 جبکہ آزاد کشمیر میں 24 ہزار 891 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 61 لاکھ 8 ہزار 532 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 ہزار 414 نئے ٹیسٹ کئے گئے ، اب تک 9 لاکھ 43 ہزار 20 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 441 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 462 ہوگئی ہے ، پنجاب میں 11 ہزار 67، سندھ میں 6 ہزار 21، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 468، اسلام آباد میں 803، بلوچستان میں 328، گلگت بلتستان میں 147 اور آزاد کشمیر میں 628 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔