ہم آنیوالی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں، وزیراعظم
- July 26, 2021, 5:11 pm
- National News
- 153 Views
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم آنیوالی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں، اگر اگلے تین ہفتے ہر پاکستانی ایک ایک درخت لگائے تو انقلاب آجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے موسم برسات میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا، اس موقع پر شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں درخت لگانے پر کسی نے توجہ نہیں دی ، ہمارے 10ارب درخت لگانے کے ہدف کو دنیا سراہتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے، ہم آنیوالی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑ کرجاناچاہتے ہیں، ماضی میں درخت لگانے کے بجائے کاٹے گئے، اگر اگلے تین ہفتے ہر پاکستانی ایک ایک درخت لگائے تو انقلاب آجائے گا۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماحولیاتی تبدیلی کے لئے بجٹ کا گزشتہ حکومتوں سے موازنہ پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے کیلئے اور اپنی آنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کیلئے اقدام کررہاہے ، ماحولیاتی تبدیلوں سےنمٹنے کیلئےبجٹ میں ساڑھے14.5 ارب مختص کیے۔
اس سے قبل پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی یافتہ ممالک سے کہا تھا کہ وہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو عالمی حدت سے نمٹنے اور ماحولیاتی نظام کی بہتری کیلئے فنڈز فراہم کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت معمولی ہے ،قدرتی ماحول میں کاربن اور زہریلی گیسوں کے بڑے پیمانے پر اخراج کے ذمہ دار امیر اور ترقی یافتہ ممالک ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو وافر فنڈز فراہم کریں۔