لاہور میں سی ایس ایس طالبہ کے خودکشی کرنے کی ممکنہ وجہ سامنے آ گئی
- July 16, 2021, 5:13 pm
- National News
- 225 Views
آج لاہور میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جب نواب ٹاؤن میں 25 سالہ لڑکی نے مبینہ طورپر پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق 25 سالہ ندا نے 5 روز قبل ایک کمرشل پلازہ میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا، ندا کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ سی ایس ایس کی تیاری کے لیے پانچ روز قبل ملتان لاہور آئی تھی۔
طالبہ کے خودکشی کرنے کی ممکنہ طور پر وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ وہ سی ایس ایس کے امتحان میں ناکامی پر دلبرداشتہ تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ ندا اکبر نے سی ایس ایس کے امتحان میں مسلسل ناکامی پر زندگی کا خاتمہ کیا۔اس حوالے سے پولیس کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق ندا اکبر سی ایس ایس کے امتحان میں دو بار ناکام ہوئی اور مایوس ہو کر زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
لاش کے قریب سے ملنے والی تحریر میں بھی ندا نے اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔
سی ایس ایس میں مسلسل ناکامی ، طالبہ ےخودکشی کرلی pic.twitter.com/7Lj4QP0JY2
— Muqadas Farooq Awan (@muqadas34) July 16, 2021
علاوہ ازیں اس واقعے کے حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ ندا نے 13 جولائی کو ایک خط کمرے میں چھوڑا تھا جس میں لکھا تھا کہ وہ زندگی سے ہاتھ دھو رہی ہے، اس کا وجود بوجھ اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔ ندا نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ وہ ابو کو مس کرے گی، ندا نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی اگلی زندگی میں سکون میں ہو گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم نے ندا کے فلیٹ سے شواہد اکٹھا کرلیے ہیں، تاحال لڑکی کی خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ہر پہلو پر غور کیا جا رہا ہے۔ لڑکی کی لاش برآمد ہونے پر اس کے اہل خانہ کو بھی مطلع کیا گیا ،ورثا نے پوسٹ مارٹم کروانے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔