اس مرتبہ عید پر طویل تعطیلات کے مزے اڑائیں
- July 8, 2021, 9:42 pm
- National News
- 387 Views
اس مرتبہ عید پر طویل تعطیلات کے مزے اڑائیں، ملازمت پیشہ افراد کو ایک ہفتے سے زائد، کل 9 ایام کی تعطیلات ملنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق اس مرتبہ عید الاضحی پر ملازمین 9 تعطیلات سے لطف اندوز ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ملازمت پیشہ افراد خاص کر سرکاری ملازمین 17 جولائی بروز ہفتہ کو اپنے آبائی علاقوں میں جانب روانہ ہو جائیں گے۔
یوں 17 جولائی بروز ہفتہ کو ہفتہ وار تعطیل سے تعطیلات کا آغاز ہو جائے گا، 18 جولائی کو اتوار کی چھٹی جبکہ 20 جولائی کو حج کی چھٹی ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد 21، 22 اور 23 جولائی کو عید کی چھٹیاں جبکہ 24 اور 25 جولائی کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں ہونگی اس طرح شہریوں کو 17 جولائی سے 25 جولائی تک عید کی 9 تعطیلات مل جائیں گی۔
دوسری جانب پاکستان میں عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے بھی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے 10 جولائی کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ چئیرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے 10 جولائی کو بیٹھے گی۔ جبکہ چاند کی رویت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جولائی کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، چاند نظر آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 11 جولائی اور عید الاضحی 20 جولائی کو ہوسکتی ہے۔
10 جولائی کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 12 جولائی اور عیدالاضحی 21 جولائی کو ہوگی۔ چاند کی رویت کے حوالے سے ماہرین فلکیات نے بھی پیشن گوئی کی ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق قوی امکان ہے کہ عید الفطر کی طرح پاکستان میں عید الاضحیٰ بھی خلیجی ممالک کے ساتھ ہی منائی جائے گی۔ پاکستان میں یکم ذی الحج 11 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 20 جولائی کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ خلیجی ممالک میں بھی اسی تاریخ کو عید قربان کی آمد کی پیشن گوئی کی جا چکی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں یوم عرفہ 19 جولائی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کے 30 ایام کے بعد ذی قعدہ کے مہینے کا آغاز ہوا، عمومی طور پر یکے بعد دیگرے 2 اسلامی ماہ 30 ایام کے نہیں ہوتے، اس لیے قوی امکان ہے کہ ذی قعدہ کا مہینہ 29 ایام پر مشتمل ہو گا، اور یوں ذی الحج کے مبارک ماہ کا آغاز 11 جولائی سے ہوگا۔