پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ

  • June 11, 2021, 12:27 pm
  • Entertainment News
  • 162 Views

پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ، رواں سال گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ اضافہ ،پاکستان میں موجود گدھوں کی کل تعداد 56 لاکھ تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں مویشیوں کی تعداد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، خاص کر گدھوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا۔
اقتصادی سروے رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق سال 2019،20 کے مقابلے میں سال 2020،21 میں بھینسیں، بھیڑ، بکریاں، اونٹ، گھوڑے اور گدھوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔ سال 2020،21 میں مویشیوں کی تعداد میں سال 2019،20 کی نسبت 20 لاکھ کا اضافہ دیکھا گیا ۔اکنامک سروے کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 1 لاکھ کا اضافہ دیکھا گیا ، یوں گدھوں کی تعداد 55 لاکھ سے بڑھ کر 56 لاکھ ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق 2006 سے ہر سال ایک لاکھ گدھوں کا اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تاہم 2001 سے خچروں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ، 2001 سے ابتک 2 لاکھ خچر پاکستان میں موجود ہیں ۔ جبکہ ڈیری صنعت کیلئے سب سے اہم بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ کر 4 کروڑ 24 لاکھ ہو گئی۔ اکنامک سروے رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق ملک میں بکریوں کی تعداد 7 کروڑ 80 لاکھ سے بڑھ کر 8 کروڑ سے زائد ہو گئی، ملک میں بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 12 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 16 لاکھ ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں گھوڑوں کی تعداد میں سال 2020،21 کے دوران کوئی اضافہ نہ ہوا۔ واضح رہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے جمعرات کے روز اکنامک سروے آف پاکستان جاری کرنے کیلئے پریس کانفرنس کی گئی، جس میں ملک کی معیشت کے حوالے سے اہم ترین تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا گیا۔ جبکہ وزارت خزانہ نے اکنامک سروے آف پاکستان کی تمام تفصیلات جاری کر دی ہیں۔