بلوچستان: کورونا کے مزید 83 کیس رپورٹ

  • May 21, 2020, 12:49 pm
  • COVID-19
  • 187 Views

بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 83 کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 2968 تک پہنچ گئی جبکہ 28 مزید مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صحت مند افراد کی تعداد 636 ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 94 فیصد یعنی 2812 مقامی طور پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ان افراد میں سے 2409 کا تعلق کوئٹہ، 110 کا قلعہ عبداللہ، 106 کا پشین اور 33 کا قلعہ سیف اللہ سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 38 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 31 کا تعلق کوئٹہ، 4 کا پشین، 2 کا لسبیلہ اور ایک شخص کا تعلق سبی سے تھا اور صوبے میں اس وقت کورونا وائرس کے 2294 مریض زیر علاج ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اب تک بلوچستان میں 48582 افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے جن میں سے 19394 مشتبہ افراد میں سے 19346 کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے ان افراد میں سے 16318 میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ 395 کے نتائج آنے باقی ہیں۔