مردان، 9 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار

  • March 28, 2020, 11:04 pm
  • National News
  • 136 Views

مردان: خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں 9 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مردان میں پولیس نے 9 سالہ بچی ماہا کو زیادتی کے بعد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم نے بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ڈی پی او مردان سجاد خان کا کہنا ہے کہ 30 سالہ ملزم اختر حسین نے دو شادیاں کی ہیں، ایک بیوی کراچی میں رہائش پذیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم ماربل فیکٹری میں بچی کے والد کا شاگرد اور ان کے پڑوس میں رہائش پذیر تھا جس کا بچی کے گھر آنا جانا معمول تھا۔

ڈی پی او کے مطابق ملزم نے بچی کو اپنے گھر میں اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا جب اس کی بیوی گھر پر موجود نہیں تھی جس کے بعد اس نے بچی کی لاش کو بوری میں بند کرکے نالے میں پھینک دیا۔

ڈی پی او سجاد خان کے مطابق 9 سالہ بچی ماہا جمعرات کے روز دکان سے ٹافیاں لینے گئی اور لاپتا ہوگئی تھی جس کی دوسرے دن نالے سے بوری بند لاش ملی تھی۔

پولیس کے مطابق دکاندار نے بوری خریدنے والے ملزم کی نشاندہی کی جس پر اسے گرفتار کیا گیا۔