حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کردیا، ایس آر او جاری

  • February 13, 2020, 11:05 am
  • Entertainment News
  • 153 Views

اسلام آباد: وزارتِ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق ایس آر او جاری کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے لاگو کیے جانے والے قوانین کو سٹیزن پروٹیکشن اگینسٹ آن لائن ہارم رولز 2020 کا نام دیا گیا ہے۔

ایس آر او کے مطابق وزارت آن لائن سسٹم ریگولیٹ کرنےکے لیے نیشنل کو آرڈینیٹر تعینات کرے گی، جو حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا کمپنیز سے بات چیت کریں گے اور اُن کو ذاتی حیثیت میں طلب بھی کرسکیں گے۔

نیشنل کوآرڈینیٹرکےحکم پرسوشل میڈیاکمپنی کومواد24گھنٹےمیں ہٹاناہوگا، جبکہ ایمرجنسی میں سوشل میڈیاکمپنی کو غیر قانونی مواد 6 گھنٹے کے اندر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانا ہوگا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارتِ کی جانب سے لاگو کیے گئے قانون کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیزکو مذہبی،سیکیورٹی سےمتعلق حساسیت کو مد نظر رکھنا ہوگا اور انہیں انتہاپسندی، نفرت انگیز موادکی روک تھام کویقینی بناناہوگا، علاوہ ازیں سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز پر شیئر ہونے والی جھوٹی خبروں، سیکیورٹی کے خلاف آن لائن ویڈیو اسٹریمنگ کو بھی لازمی روکنا ہوگا۔

نئے قانون کے مطابق سوشل میڈیا کمپنیوں کو 3 ماہ کے اندر خود کو اتھارٹی کے پاس رجسٹر کروا کر اپنا دفتر اسلام آباد میں قائم کرنا ہوگا اور معاونت کے لیے پاکستان میں مستقل نمائندہ بھی تعینات کرنا ہوگا۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا کمپنیاں اپنا ڈیٹا بیس سرور پاکستان میں قائم کریں گی اور وہ تحقیقاتی اداروں کو صارفین کی معلومات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔

ایس آراو کے مطابق نیشنل کوارڈینیٹر ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیز کو بلاک کرنے یا پچاس کروڑ روپے تک کا جرمانہ عائد کرسکتا ہے، پلیٹ فارم بند ہو جانے پر کمپنی کو اپیل کا حق ہوگا۔