عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے

  • July 30, 2018, 11:32 pm
  • National News
  • 100 Views

کوئٹہ(آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام پیر کے روز کوئٹہ سمیت اندرو ن صوبہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اورمظاہرے کئے گئے مظاہرین نے خیبرپشتونخوا میں پارٹی امیدواروں کے ساتھ ہونے والی دھاندلی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری سیاسی قوتوں کے تحفظات اور شکایات کا ازالہ وقت کی اولین ضرورت ہے اس سلسلے میں نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کو اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے ۔ پیر کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر ،باچاخان مرکز پشین ، قلعہ عبداللہ بمقام چمن ،ضلع ژوب ، شیرانی کے زیراہتمام ژوب ، ضلع ہرنائی ، ضلع قلعہ سیف اللہ ، موسی خیل ،سبی ، زیارت سمیت دیگر شہروں میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں مظاہرین نے پلے کارڈ ز اور بینر اٹھار کھے تھے جن پر مختلف نعرے اور مطالبات درج تھے ۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی مظاہروں میں مرکزی ، صوبائی اورمختلف اضلاع کے عہدیداران و کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماں نے اس بات کوا نتہائی تشویشناک قرار دیا کہ خیبرپشتونخوا میں پارٹی امیدوارو ں کو ہرانے کے لئے مخصوص امیدواروں کو کھلی چھوٹ دی گئی اور اے این پی امیدواروں کے ساتھ انتخابی دھاندلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے جمہوری نظام پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور یہ ایک انتہائی تشویشناک بات ہے پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت بارہا واضح کرچکی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے جمہوری سیاسی قوتوں کا راستہ نہیں روکا جاسکتا اگر جمہوری سیاسی قوتوں کا راستہ روکنے کی کوشش کی جاتی رہی تو یہ خطرناک نتائج کا حامل ہوگا عوامی نیشنل پارٹی نے جمہوریت کی بقا ،جمہوری استحکام ، ووٹ کی عزت اور انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے نہ صرف ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے بلکہ اس مقصد کے لئے قربانیاں بھی دی ہیں حالیہ انتخابات میں خیبرپشتونخوا کے اندر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پارٹی امیدواروں کو پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن اس صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے ہمارے تحفظات کا ازالہ کرے اور جمہوری سیاسی قوتوں کی شکایات دور کی جائیں ۔