میگا کرپشن کیس ، مشتاق رئیسانی اور خالد لانگو کی ضمانت منظور، کیو ڈی اے خوردبرد کیس میں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری

  • July 30, 2018, 11:29 pm
  • National News
  • 97 Views

کوئٹہ(آئی این پی) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اورجسٹس جناب جسٹس ظہیر الدین کاکڑ پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خوردبرد ریفرنس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو اور سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی ضمانت کی درخواستیں 50,50لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عیوض منظور کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔بینچ نے گزشتہ دنوں فریقین کی جانب سے دلائل مکمل کئے جانے کے بعد دونوں ملزمان کی جانب سے دائرضمانت کی درخواستوں پر فیصلے محفوظ کئے تھے جسے پیر کے روز سنادیاگیا ۔یاد رہے کہ سال 2016ء کے ماہ مئی میں نیب حکام کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے جی او آر کالونی میں واقع سابق مشیر خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کے گھر پر چھاپے کے دوران کروڑوں روپے ،ملکی اور غیر ملکی کرنسی ،سونا ،پرائز بانڈ ودیگر اشیاء برآمدکرکے انہیں گرفتار کرلیاگیاتھا بعدازاں ٹھیکیدار سہیل مجید اور مشیر خزانہ میر خالد لانگو و دیگر کو بھی حراست میں لے لیاگیاتھا مذکورہ ریفرنس میں دو ملزمان بر ضمانت حافظ عبدالباسط اور فیصل جمال بھی نامزد ہیں ۔دریں اثناء پیر کے روز لوکل گورنمنٹ خوردبرد ریفرنس کی احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جنا ب منو ر احمد شاہوا نی کے روبرو سماعت ہوئی جس کے دوران نامزد ملزمان سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اور فیصل جمال عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ ایک ملزم بر ضمانت کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی اس کے علاوہ میر خالد لانگو کو بھی پیش نہیں کیاجاسکا۔سماعت کے دوران دو گواہان اخونزادہ عطاء اللہ اور محمد فرقان کے بیانات قلم بند کئے گئے جن پر جرح بھی مکمل کرلی گئی بعدازاں ریفرنس کی سماعت 7اگست تک ملتوی کردی گئی ۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی نے محکمہ کیوڈی اے میں خوردبرد کے ریفرنس میں نامزد سابق چیئرمین کیوڈی اے ڈاکٹرحامد اچکزئی ،موجودہ ڈائریکٹر جنرل کیوڈی اے اور سا بق سیکرٹری و سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ کیوڈی اے عمران خان زرکون ،سابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کیوڈی اے محمد اسلم ،سابق ڈائریکٹرایڈمن اور موجودہ ڈائریکٹرکوارڈینیشن کیوڈی اے دلشاد خان ، اسسٹنٹ فورمین کیوڈی اے غلام مصطفی ،بلڈنگ سروے ہیڈ ڈرافٹس مین بلڈنگ کنٹرول برانچ کیوڈی اے محمد وارث کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں مذکورہ ریفرنس میں نامزد سابق ڈائریکٹرجنرل کیوڈی اے نوراحمد پرکانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ کیوڈی اے محمد کریم ،سینئر کلرک اسٹیٹ کیوڈی اے طارق محمود ،پرائیویٹ پرسن گل محمد پہلے ہی گرفتار کئے جاچکے ہیں ،ریفرنس کی اگلی سماعت 2اگست کو ہوگی ۔ملزمان پر محکمہ کیوڈی اے میں لاکھوں روپے خوردبرد کاالزام ہے ۔دریں اثناء احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو سابق ڈی آئی جی پولیس ریاض احمد ودیگر کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات کے الزام میں دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ایک اور گواہ عبدالشکور کا بیان قلمبند کرلیاگیا گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ریفرنس میں نامزد ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ گواہ عبدالشکور نے اپنا بیان قلم بند کروادیا جن پر جرح مکمل کرلی گئی ۔بعدازاں ریفرنس کی سماعت7اگست تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔اب تک مذکورہ کیس میں72گواہان استغاثہ کے بیانات قلم بند کئے جاچکے ہیں ۔