مشرقی بائی پاس خودکش حملے کے متاثرین کومعاوضہ دیاجائے ، نصراللہ زیرے

  • July 29, 2018, 10:35 pm
  • National News
  • 259 Views

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و حلقہ پی بی 31 کے نومنتخب ایم پی اے نصراللہ خان زیرے نے 25 جولائی کے انتخابات کے دن مشرقی بائی پاس میں تعمیر نو ایجوکیشن کمپلیکس کے قریب خودکش حملہ میں شہید ہونے والے تمام شہداء کے گھروں مشرقی بائی بھوسہ منڈی پشتون کوٹ ‘ نیو پشتون آباد اور خلجی کالونی ‘ غوث آباد ‘ عالمو چوک ‘ نواں کلی جاکر فاتحہ خوانی اور تعزیت کی اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے علاقائی سیکرٹری کونسلر حمد اللہ بڑیچ ‘ کونسلر محمد نعیم اچکزئی ‘ کونسلر حاجی محمد علی بڑیچ ‘ حاجی علاؤالدین اچکزئی سمیت پارٹی کے درجنوں کارکن ان کے ہمراہ تھے انہوں نے تعزیت کے موقع پر لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کا واقعہ وحشت بربریت اور انسانی سوز کا بدترین واقعہ تھا جس میں درجنوں بے گناہ لاچار اور معصوم لوگ شہید ہوئے اور درجنوں زخمی ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا فریضہ ہے کہ وہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف موثر اور جامع کارروائی کریں انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے سابقہ دور حکومت میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے کے لئے معاوضہ کا باقاعدہ قانون اسمبلی سے پاس ہو چکا ہے اس لئے ضروری ہے کہ انتظامیہ فوری طورپر کاغذی کارروائی مکمل کرکے شہداء کے وارثین اور زخمیوں کو معاوضہ ادا کرے علاوہ ازیں نومنتخب ایم پی اے نصراللہ خان زیرے نے سول ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔