بلوچستان کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ،سعید احمد ہاشمی

  • July 27, 2018, 11:11 pm
  • National News
  • 295 Views

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینئر سیاستدان سعید احمد ہاشمی نے انتخابات میں حلقہ پی بی 29 سمیت بلوچستان بھر کے لوگوں کا بی اے پی کو کامیاب بنانے اور انہیں ووٹ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پارٹی اقتدار میں پہنچ کر صوبہ کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام کی خدمت کا جو موقع دیا ہے اسے رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور اپنی کارکردگی سے عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے صوبہ کی پسماندگی کو دور کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا سعیداحمد ہاشمی نے حلقہ پی بی 29 کے عوام اور ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میری کامیابی کے لئے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے ووٹ دیئے لیکن ہار جیت زندگی کا ایک حصہ ہے لیکن جس طرح بلوچستان بھر سے صوبہ کے لوگوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے منتخب صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے امیدواروں کے حق میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے انہیں کامیاب کراکر جماعت کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے جس پر میں بلوچستان کے عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کیا اب ہم بھی بلوچستان میں حکومت سازی کرکے بی اے پی کے کامیاب ہونے والے امیدوار عوام کی خدمت کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہاکہ بی اے پی اپنی صلاحیتوں اور تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی تاکہ عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے ان کی مشکلات کو دور کرکے ان کے دکھوں کا مداواہ کر سکیں کیونکہ بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کے منتخب نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کے لوگوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں تاکہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ہو سکے انہوں نے صوبہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کی رہنمائی اور سپورٹ چاہئے تاکہ ہم ان کے مسائل کو بہتر طورپر حل کر سکیں ۔