ریاست نے عوامی رائے منتشر کرنے کیلئے بھرپورطاقت استعمال کی، لشکری رئیسانی

  • July 27, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 416 Views

کوئٹہ ( پ ر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوامی رائے کو منتشر کرنے کے لیے ریاست نے اپنی پوری طاقت استعمال کی ۔ جمہوریت کی آڑ لیکرسامنے آنے والے لوگوں کا پانچ سال بعدبد ترین حشر ہوگا۔ ملک بھر میں پھیلی فارم 45کی وباء نے جمہوریت کو بیمار کردیاہے ۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں ڈی آر اوزانتخابات کے نتائج نہیں عوامی رائے کو جعلی طریقے سے دباتے ہوئے پسند او رنا پسند کی بنیاد پرحکومتیں بنارہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے جس میں اسٹیبلشمنٹ ایک سیاسی جماعت کو سپورٹ کرتے ہوئے دو شہریوں کے درمیان فریق بنے ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں گزشتہ 70 سالوں سے سوائے ایک الیکشن کے دنیا کو دکھانے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت جعلی طریقے سے وفاق سمیت ملک کی تمام اکائیوں میں نمائندے منتخب ہوتے چلے آرہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھاکہ بحیثیت سیاسی کارکن عوام کو داد دیتا ہوں جنہوں نے اسٹیبلشمنٹ کی براہ راست مداخلت کے باوجود ان کو اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے نہیں دیا ۔ جمہوری جدوجہد کے ذریعے اپنے عوام کی خوشحالی چاہتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں خودکش حملوں کی وجہ صوبے میں ایسے حالات پیدا کرنا ہے جس کے نتیجہ میں لوگ وسائل کو بھول کر اپنے مسائل میں الجھے رہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ریاست آج بھی بلوچستان کو ایک کالونی کے طور پر ٹریٹ کررہی ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں ڈی آر اوزانتخابات کے نتائج نہیں وفاق سمیت صوبوں میں من پسند جماعت کو حکومتیں قائم کرنے کیلئے عددی اکثریت فراہم کررہے تھے جو جمہوریت نہیں آمریت کی بد ترین شکل ہے ۔