نگراں حکومت صوبے میں شفاف انتخابات کروانے میں کامیاب رہی ہے ،ملک خرم شہزاد

  • July 27, 2018, 11:09 pm
  • National News
  • 185 Views

کوئٹہ (این این آئی ) نگراں وزیر اطلاعات وترجمان حکومت بلوچستان ملک خرم شہزاد نے کہاہے کہ نگراں حکومت صوبے میں صاف شفاف انتخابات کروانے میں کامیاب رہی ہے ،صوبے میں کامیاب انتخابات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں ،پولنگ عملے نے بہترین کردار اد اکیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ،امید ہے کہ جتنے بھی نمائندے منتخب ہوکر وہ ملک وقوم کی ترقی میں کردار ادا کریں گے جبکہ ہارنے والے شکست کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ مزید بہتر نتائج کیلئے محنت کریں گے ،کوئٹہ اور کیچ میں شہید ہونیوالے افراد کو حکومت کی پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائیگا ،یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہاکہ کامیاب انتخابات کا انعقاد جمہوری تسلسل کی کامیابی ہے ،تمام انتخابی عمل کے دوران نگراں حکومت غیر جانبدار رہی جس سے جمہوری سفر کی فتح ہوئی ہے ،انہوں نے کہاکہ الیکشن کا عمل مکمل ہونے سے ان قوتوں کو شکست ہوئی جوپاکستان اور بلوچستان کی ترقی کی راہ مین رخنہ ڈالنا چاہتی تھی میڈیا نے بھی تمام تر معاملات مثبت انداز سے پیش کئے ،انہوں نے کہاکہ انتخابات کے بعد عوامی ووٹ کے ذریعے بہترین نمائندے منتخب ہوکر آئے ہیں جو ملک وقوم کی ترقی کیلئے اپنا کردارادا کریں گے ،انہوں نے کہاکہ شکست تسلیم کرنا مہذب قوموں کی نشانیوں میں سے ایک ہے ،حکومت پر دھاندلی کے الزامات لگ رہے ہیں لیکن یہ انسانی فطرت ہے کہ ہارنے والے لوگ صدمے میں ضرور غم وغصے کا اظہار کرتے ہیں ،یہ بات درست نہیں کہ بلوچستان میں ٹرن آؤٹ کم رہا یہ سب پراپیگنڈہ ہے بلوچستان کے لوگ جس طرح گھروں سے نکلیں بالخصوص خواتین نے بڑی تعداد میں قومی حق کا استعمال کیا ہے ،انہوں نے بتایاکہ دور دراز علاقوں سے انتخابی نتائج کی ترسیل میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے شکوق وشبہات جنم لے رہے تھے لیکن وہ تمام معاملہ تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے ہوا ہے الیکشن صاف اور شفاف تھا اس پر کوئی سوالیہ نشان نہیں اٹھا سکتا اور حکومت غیر جانبداری تھی ،انہوں نے کہاکہ کیچ اور کوئٹہ میں شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے تحت معاوضہ دینے کا فیصلہ زیر غور ہیں بہت سی قوتیں ایسی ہے جنہیں ہماری ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں ،عوام کسی بھی پراپیگنڈہ پر کان نہ دھریں انہوں نے ایف سی ،پولیس ،لیویز ،پاک فوج کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے جمہوری عمل کی تکمیل میں اہم کردارا دا کیا ۔