خودکش حملہ آور کا ہدف میں تھا، عبدالرزاق چیمہ

  • July 26, 2018, 1:25 am
  • National News
  • 488 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر اور ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزق چیمہ نے دعویٰ کیاہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر ہونے والے بم دھماکے کا ہدف وہ اور ان کے ساتھی افسران تھے جوان کے ہمراہ مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے پر تھے ۔بم دھماکے جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دعویٰ کیا کہ دھماکے کا ہدف وہ اور ان کے ساتھ دورہ کرنے والے اعلی پولیس افسران تھے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں ان کے پانچ پولیس محافظ بھی شامل ہیں جب کہ قافلے میں شریک کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ دھماکے کے وقت سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر اعلی پولیس افسران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے پولنگ اسٹیشن پہنچے تھے اور اپنی گاڑیوں سے اتر کر تھوڑا ہی آگے بڑھے تھے کہ دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 31افراد شہید جبکہ 30سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔