پرامن انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، آغا عمر بنگلزئی

  • July 23, 2018, 10:58 pm
  • National News
  • 43 Views

کوئٹہ(خ ن)نگران صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے کہا ہے کہ آزادانہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام ممکنہ انتظامات کیئے گئے ہیں ۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری کی ادائیگی کیلئے باہر نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے باکرداردیانتدار اور اہل امیدواروں کو منتخب کریں تاکہ ملک وقوم کے مستقبل کو محفوظ بنا یا جاسکے ۔نگران صوبائی وزیر داخلہ نے ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے کا سختی کا نوٹس لے لیا ہے جس کے مطابق لیویز اہلکار کسی شہری کو زدوکوب کرتا دکھایا گیا ہے انھوں نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کراکے ذمہ دارقرارپانے والے افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے ۔صوبائی وزیر داخلہ نے دالبندین میں دستی بم حملے میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرنے کے علاؤہ سول ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی ۔انھوں نے خاص طور پر چارزیادہ زخمی ہونے والوں کے مناسب علاج معالجہ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر وں کے مشورے پر زخمیوں کوتمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اگر ضرورت پڑی توانھیں ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق سی ایم ایچ یادیگر شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل بھی کیا جائے ۔انھوں نے زیارت میں انتخابات میں حصہ لینے والی پارٹیوں کے مابین تصادم کا بھی نوٹس لیا اور ڈپٹی کمشنر زیارت کو ہدایت کی کہ وہ فوری طورپر واقعہ کی انکوائری کرائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔