کوئٹہ شہر میں جو خوف کا ماحول اور لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس ہے اسے درست کرنا ہوگا،نوابزادہ لشکری رئیسانی

  • July 23, 2018, 10:58 pm
  • National News
  • 27 Views

کوئٹہ( پ ر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حلقہ این اے 265 اور پی بی 31سے پارٹی کے نامزد امیدوار نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے کوئٹہ کے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ پارٹی کا منشور پارٹی کے اجتماعی قیاد ت کے احساسات پرمبنی ہے ۔ہمیں احساس ہے کہ کوئٹہ شہر میں لوگوں کے مسائل بحرانوں میں تبدیل ہوگئے ہیں صوبے کا وہ طالب علم جو آگے پڑھنا چاہتا ہے اس کے پاس وسائل اور سہولیات میسر نہیں ہیں ہمیں اس بے روزگار نوجوان کا احساس ہے جو پڑھنے کے بعد ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر لمبی قطاروں میں لگ کر روزگار کے لیے کئی کئی سال دربدر کی ٹھوکریں کھا رنے پر مجوبور ہیں ۔شہر میں لوگوں کے لیے تفریح کے مواقع نہیں ہیں کھلاڑیوں کے پاس وہ سہولیات نہیں جن کے بل پر وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پراپنے جوہرمنواسکیں ۔ شہر میں پانی کا بحران ہے لوگوں کی ضروریات بین الاقوامی معیار کے مطابق پوری نہیں ہورہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر میں جو خوف کا ماحول اور لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس ہے اسے درست کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں لوگ اب جان چکے ہیں کہ جن وسائل کو لوٹا جارہا ہے ان کو مزید لوٹنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے دفاع کیلئے ہمیں مشترکہ جدوجہد کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کو اللہ پاک نے بے شمار وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ اگر ہم اپنے وسائل کا اختیارحاصل کرکے اپنے وسائل کے مالک بنیں تو میںیہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے صوبے میں کوئی بے روزگارنہیں رہے گا ہر شخص کا علاج مفت ہوگا کوئی جہالت کے اندھیروں میں نہیں جائے گا ہر کسی کو مفت تعلیم میسر ہوگی بلوچستان باقی صوبوں کی طرح خوشحال اور پر امن ہوگا۔ وسائل پر اختیار کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کے احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی جاری جدوجہد کو منظم طریقے سے اس جدوجہد کو آگے لے چلے گی جو ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی خوشحالی ، بچوں کی بقاء ان کے روزگار ، عزت و نفس کی جنگ ہے ۔جن وسائل کو لوٹا جارہا ہے ان وسائل کو بلوچستان کے لوگوں پر ہی خرچ ہونا چائیے تاکہ استحصال جبر ،نا انصافی اور دہشت گردی کا شکار پسماندہ صوبہ کو ہم بین الاقوامی طو رپر ایک خوشحال ترقی یافتہ اور پیش رفتہ صوبہ بنائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام اپنے مسائل پر توجہ دیتے ہوئے اس عظیم جدوجہد میں ہمارا ساتھ دینگے جس جدوجہد میں صوبے کے لاکھوں لوگوں کی خوشحالی اور امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں آباد نوجوان اپنے بزرگوں سے ضرور پوچھیں کہ کوئٹہ پہلے کس قسم کا شہر تھا اس شہر میں پہلے صاف پانی کی7ندیاں ہوا کرتی تھیں لوگوں کو تفریح کے مواقع میسرتھے ۔ سن 35کے زلزلے کے بعد یہاں کے لوگوں نے اس شہر کو دوبارہ تعمیر کرایا یہ شہر ویل آرگنائزڈ شہر ہوا کرتا تھا۔ گرمیوں میں سندھ ، کراچی او رپورے پنجاب سے یہاں لوگ گرمیاں گزارنے آیا کرتے تھے ۔ کوئٹہ آنے پر وہ لوگ فخر محسوس کرتے تھے،اس شہر کے لوگ پر امن اور ایک دوسرے سے پیا رومحبت سے رہا کرتے تھے اگر آج اور کل میں موازنہ کریں تو آج ہمارے بچے بھی سکولوں میں مجبوری میں پڑھتے ہیں جس شہر صاف پانی کی ندیاں بہا کرتی تھیں آج اس شہر میں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں آج اس شہر کو نفرتوں کی آماجگاہ بنا دیا گیا فرقہ واریت ہے نسلی بنیادوں پر لوگ ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں جہاں لوگ آ ٹھ آٹھ دن عید منایا کرتے تھے آج یہاں چالیس ، چالیس دن سوگ منایا جارہا ہے پہلے ہم مل کر پکنک و دیگر تفریح کیلئے جایا کرتے تھے آج مل کر اپنے عزیز و اقارب کی تدفین اور ان کے غم میں لگے رہتے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ ان مصائب سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے یہاں آباد تمام اقوام کو مل کران پالیسیوں کو ٹھیک کرنا ہوگا جن پالیسیوں نے ہمارے ملک او راس ہستے بستے شہر کوغم کا شہر بنا دیا ہے ۔جن پالیسوں سے اس شہر میں جگہ جگہ بیریئرز ،چیک پوسٹیں قائم ہوئی ہیں جن پر ہماری شناخت پوچھی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں آباد تمام اقوام کو عہد کرنا چایئے کہ اس شہر کے روایتی بھائی چارے ، محبت ، احترام اور امن کو بحال کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرتے ہوئے اپنی قومی و سیاسی طاقت استعمال کرینگے ۔دریں اثناء نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے ان تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے حلقہ پی بی 31 پر انکی حمایت میں اپنے امیدواروں کو غیر مشروط طور پر دستبرار کرایا ہے ۔ انہوں نے عوام کی ایک بڑی تعداد میں حمایت پر انکابھی شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی یہاں بسنے والے لوگوں کو ساتھ لیکر اس شہر کو دوبارہ لٹل پیرس بنائی گئی جس کو آج مقتل گاہ میں تبدیل کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں گلبرگ اسٹریٹ نمبر ٹو میں علاقہ معتبرین نے پی بی28پر حاجی اسماعیل گجر اور این اے265پر نوا بزادہ حاجی لشکری ر ئیسانی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا علاقے کے معتبرین حاجی محمد آصف اور دیگر نے علاقے کے عوام پر زور دیا کہ وہ 25جولائی کو صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشست پر کلہاڑے کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں حاجی لشکری رئیسانی اور حاجی اسماعیل گجر کامیابی کے بعد عوام سے کئے تمام وعدے پورے کریں گے۔