بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام کا مقصدعوام کی محرومیوں کا خاتمہ ہے ، سعید احمد ہاشمی

  • July 23, 2018, 10:56 pm
  • National News
  • 62 Views

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 29سے امیدوار سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات بڑی اہمیت کے حامل ہیں عوام اپنے ووٹ کی پرچی کے ذریعے صوبے میں تبدیلی لاسکتے ہیں، 25جولائی کوہونے والے انتخابات میں بلوچستان کے عوام بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ بی اے پی کے منتخب نمائندے ایوانوں میں جاکر صوبے کے حقوق کیلئے بھر پور آواز بلند کرسکیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو ریلوے کالونی میں منعقدہ مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی عوام کی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے جو حقیقی مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر میدان عمل میں اتری ہے جس کی وجہ سے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں کیونکہ عوام آزمائی ہوئی پارٹیوں کو اب 2018کے انتخابات میں آزمانا نہیں چاہتے اس لئے صوبے کے طول و عرض سے لوگ جوق درجوق اپنے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کیلئے بی اے پی میں شامل ہورہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام کا مقصد بلوچستان کے عوام میں 70سال سے پائی جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ کرنا ہے ماضی میں بلوچستان کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بری طرح نظر انداز کیا جائے جس کے باعث بلوچستان کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے پانچ سال کے دوران عوام کی خدمت کی بجائے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے فنڈز خوردبرد کئے اور اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا عوام 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں مفاد پرست عناصر کو ووٹ کی پرچی سے مسترد کردیں۔