ملک میں پشتونوں کیلئے عملاً امتیازی قانون ہے ، عثمان کاکڑ

  • July 23, 2018, 10:55 pm
  • National News
  • 55 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ہماری شہریت کو چیلنج کیا ہے انسانی تاریخ میں غلاموں کو بھی شہریت کا حق دیا گیا ہے لیکن ہم غلاموں سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہے ،ہم سب کشمیر میں امتیازی قوانین کے خلاف رہے ہیں لیکن پاکستان میں پشتونوں کے لےئے عملاً امتیازی قانون نافذ ہے سارے ملک کیلئے ایک قانون اور پشتونوں کیلئے دوسرا قانون رائج ہے ، لاہور ، کراچی ، ملتان اور راوالپنڈی کے عوام کیلئے نادرا کی جو شرائط ہیں وہ ہمیں قبول ہیں لیکن ہم کسی امتیازی قوانین کو تسلیم نہیں کرینگے ، ایک شناختی کارڈ بنانے کیلئے ہمارے لوگوں کو کم از کم تین سے چار سال کا عرصہ لگ جاتا ہے عجیب بات ہے کہ یورپ کا گرین کارڈ حاصل کرنا آسان ہے لیکن اس ملک میں شناختی کارڈ کا بنانا انتہائی مشکل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی بی29کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقدہ انتخابی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پی بی29کوئٹہ VIکے نامزد امیدوار حضرت عمر اچکزئی ، جمشید خان دوتانی ، جمیل اچکزئی، جلیل خان دوتانی اورعمر حیات نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں آئین وقانونی کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں دنیا کے مسلمہ اصول کے مطابق بیوروکریسی ، فوج اور عدلیہ کو پارلیمنٹ کے ماتحت ہونا چاہیے اگر ریاست کے تمام اجزائے ترکیبی پارلیمانی بالادستی کو قبول کرے تو ہمارا ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوموں کے درمیان برابری ، دولت وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سینٹ کے اختیارات قومی اسمبلی کے مساوی تسلیم کےئے جائینگے تو امن، خوشحالی اور ترقی ہمارا مقدر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم دہشتگردی سے نفرت کرتی ہے سب سے زیادہ پشتون قوم دہشتگردی کا شکار ہے نائن الیون کے بعد پاکستان میں 50ہزار سے زائد پشتونوں کو دہشتگردی کے نام پر شہید کیا جا چکا ہے ۔ ہمیں معاشی ، معاشرتی اور تعلیمی طور پر ناقابل تلافی نقصان ہوچکا ہے اور سب سے بڑا ظلم یہ ہوا کہ رد الفساد کے خوبصورت نام کو ردالپشتون میں تبدیل کردیا گیا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے اپنے دور حکومت میں عوام کی خدمت کو ترجیحات میں رکھ کر ہر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دےئے تعلیم ، صحت ، روزگار ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز کی تعمیر اور سب سے بڑھ کر صوبے بالخصوص کوئٹہ میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا ۔ کوئٹہ کے غیور شہری وطن دوستی ، جمہوریت پسندی کا ثبوت دیتے ہوئے کل بروز بدھ25جولائی کو پشتونخوامیپ کے نامزد امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے پارٹی کے انتخابی نشان ’’ درخت ‘‘ پر مہر ثبت کریں۔