صوبے میں پرکشش سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مزید عملی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ مری

  • July 23, 2018, 10:55 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ صوبے میں پرکشش سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مزید عملی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، کسی ایک ملک کے سرمایہ کاروں پر تکیہ کرنے کی بجائے ہمیں ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے دنیا بھر کے سرمایہ دار بلوچستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بی بی او آئی کے سی ای او روحیل بلوچ بورڈ کے اراکین سیکریٹری خزانہ ، سیکریٹری انڈسٹری اور سینئر ایم بی آر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی بی او آئی کا ایک ذیلی دفتر کراچی میں قائم کیا جائے گا تاکہ بورڈ کی بیرونی سرمایہ کاروں سے فوری اور آسان رسائی ممکن ہوسکے جبکہ بورڈ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مختلف ملکوں کے سفارخانوں میں موجود تجارتی ڈسک سے بھی روابط کو مضبوط کرے گا تاکہ بلوچستان میں موجود سرماکاری کے مواقعوں سے دیگر دوست ممالک آگاہی حاصل کرسکیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ کو مزید فعال بنانے کے لئے مطلوبہ عملے کی بھرتی کے عمل میں تمام بنیادی شرائط کو بروئے کار لاتے ہوئے ذہین، قابل اور محنتی عملے کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی، اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں بہترین سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے صوبے کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں کی دوبارہ میپنگ کی جائے گی اور سروے شدہ ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ان شعبوں کی پروجیکشن کو مزید پرکشش بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کار اس طرف راغب ہوسکیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں تاہم اب تک ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکیں ہیں جس کے لئے ہمیں بالخصوص بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرناہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں محض ایک ملک کی سرمایہ کاری پر انحصار کرنے کی بجائے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے دنیا کے دیگر ممالک بلوچستان میں سرماکاری کے لئے دلچسپی کا اظہار کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں دستیاب معدنیات اور باقی وسائل کی ری میپنگ کے ساتھ ساتھ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہم صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرسکیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کے علاوہ صوبے میں ایسے کئی اور علاقے ہیں جہاں سرمایہ کار منافع بخش سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، بی بی او ائی اس سلسلے میں اپنی کوششیں تیز کرے اور جہاں پلیٹ فارمز مل سکیں سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرنے کی بھی ضرورت ہے حکومت اس سلسلے میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔