ملک دشمن قوتیں الیکشن کا انعقاد نہیں چاہتیں ، وزیراعلیٰ مری

  • July 22, 2018, 11:35 pm
  • National News
  • 36 Views

کوئٹہ(آن لائن) نگران وزیراعلی بلوچستان علاالدین مری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی کاروائی کے نتیجے میں ایک سیاسی جماعت کے امید وار اکرام اللہ گنڈا پور اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیر اعلی نے دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعہ کو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر بدامنی پیدا کر کے انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم ایسی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا اور عام انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ وزیر اعلی نے ایک دوسرے سیاسی امیدوار اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی بھی مذمت کی ہے اور ان کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے شہید اکرام اللہ گنڈا پور کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔