فورسز کا سرچ آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم مذہبی تنظیم بلوچستان کا امیر ہدایت اللہ عرف مفتی دو ساتھیوں سمیت مارا گیا ،سرکی قیمت 50لاکھ مقرر تھی

  • July 20, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 96 Views

کوئٹہ ( کرائم رپورٹر ) قلات کے پہاڑی سلسلے میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم مذہبی تنظیم بلوچستان کا امیر ہدایت اللہ عرف مفتی دو ساتھیوں سمیت مارا گیا ہدایت اللہ عرف مفتی سانحہ مستونگ شاہ نورانی اور کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے سمیت بلوچستان میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اس کے سر کی قیمت پچاس لاکھ مقرر تھی تفصیلات کے مطابق قلات کے پہاڑی سلسلے میں حساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسیز کیساتھ مل کر ٹارگیٹیڈآپرشین کیا جسکے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع کیا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا آخر کار اس مقابلے میں ایک کالعدم مذہبی تنظیم بلوچستان کا سربراہ ہدایت اللہ عرف مفتی اور اسکے دو قریبی ساتھی مارے گئے ملزمان کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہدایت اللہ عرف مفتی کا شمار خطرناک دہشت گردوں میں ہوتا تھا اور وزارت داخلہ نے اسکی سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی ذرائع نے بتایا کہ ہدایت اللہ عرف مفتی بلوچستان میں دہشت گردی تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کا انچارج تھا اور حب میں شاہ نورانی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر سمیت کئی بڑی دہشت گردی کی کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور سب سے بڑھ کر گزشتہ دنوں مستونگ میں نوبزادہ سراج رئیسانی کے جلسے میں ہونے والے خودکش دھماکے کا ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار تھا اوراسی نے خودکش حملہ آور کو مستونگ میں ٹہرایا اور جلسہ گاہ تک پہنچایا اور خود جائے وقوعہ سے غائب ہوگیا تاہم حساس اداروں کو ہدایت اللہ عرف مفتی کے مستونگ میں موجود ہونے کے ٹھوس شواہد ملے تھے جسکی روشنی میں قلات کے پہاڑی سلسلے میں کاروائی کی گئی جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ہدایت اللہ اور اسکے دو قریبی ساتھی مارے گئے ذرائع کے مطابق ہدایت اللہ عرف مفتی کا پورا نیٹ مستونگ قلات اور دیگر علاقوں میں پھیلا ہوا ہے اسکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے آپرشین جاری ہے ۔