صوبائی کابینہ نے شہداء کے لواحقین کی امداد پندرہ لاکھ روپے کرنیکی منظوری دیدی

  • July 19, 2018, 11:20 pm
  • National News
  • 73 Views

کوئٹہ(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کی زیرصدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کی امدادوبحالی کی رقم دس لاکھ سے بڑھا کر پندرہ لاکھ کرنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ معمولی زخمی ہونے والے افراد کے لئے امدادی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر دولاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کابینہ نے بلوچستان سول ایکٹ آف ٹیرر ازم (ریلیف اینڈ ری ہیبیلیٹیشن ایکٹ 2014ء4 )کے تحت مستونگ کے واقعہ کے شکار ہونے والے شہریوں کی بحالی کی منظوری دی ہے، اجلاس نے سانحہ مستونگ کے متاثرین کی بحالی کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جو شہداء4 کے لواحقین، بچوں کی تعلیم، انہیں ٹیکنیکل ٹریننگ کی فراہمی کے علاوہ ایسی سفارشات مرتب کرے گی جو شہداء4 کے لواحقین کو دوبارہ ان کے پاؤں پر کھڑا کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستونگ میں پیش آنے والا سانحہ انتہائی دلخراش اور افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ اب یہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ سانحہ کے شہداء4 کے لواحقین اور زخمیوں کی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ انہیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرے تاکہ وہ ایک نارمل زندگی گزار سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ صوبے اور ملک کے دیگر حصوں سے مخیر حضرات متاثرین کی بحالی کے لئے اپنا حصہ ڈال سکیں جس سے متاثرین کی بھرپور امداد ممکن ہوسکے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہداء4 کے لواحقین اور زخمیوں کو حکومت کی طرف سے اعلان کردہ مالی معاونت اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس عمل کو جتنا ممکن ہوسکے تیز اور آسان بنایا جائے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کابینہ اراکین اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے سانحہ مستونگ کے لئے قائم بحالی فنڈ میں مخیر حضرات سے زیادہ سے زیادہ تعاون کے حصول کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے افراد کو دوبارہ نہیں لایا جاسکتا تاہم ان کے لواحقین کی دادرسی اور زخمیوں کے بہتر علاج ومعالجہ سے ان کی مشکلات کو کسی حد تک کم ضرورکیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ ے ہدایت کی کہ شہید ڈی آئی جی حامد شکیل کے لواحقین کے لئے اعلان کردہ مراعات کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے، کابینہ نے سانحہ مستونگ کے شہداہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، دریں اثناء4 صوبائی کابینہ نے صوبے میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکیورٹی اور دیگر مدات میں اضافی اخراجات کے لئے مطلوبہ فنڈز کے اجراء4 کی منظور بھی دی۔