عوام چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی کیلئے متحدہ مجلس عمل کاساتھ دیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

  • July 19, 2018, 11:19 pm
  • National News
  • 66 Views

کوئٹہ (پ ر) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ عوام الناس نے الیکشن میں اچھے باکردار دین دار لوگوں کا ساتھ نہیں دیا تو عوام کے مسائل ومشکلات میں مزید اضافہ ہوگاعوام الناس چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی کیلئے متحدہ مجلس عمل کاساتھ دیں کارکنان الیکشن دن کے منصوبہ بندی کرتے ہوئے کام کو آگے بڑھائیں ۔ایم ایم اے وجماعت اسلامی بلوچستان میں کامیابی حاصل کریگی بلوچستان میں غربت وبدامنی کا خاتمہ صالح دین دار افراد کی کامیابی سے ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے دورہ گوادر کے دوران مرکز اسلامی گوادرمیں ارکان وکارکنان اجلاس سے خطاب بعدازاں عمائدین سے ملاقات اور انتخابی وورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پرایم ایم اے کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ، پی بی 51کے امیدوارسعید احمدبلوچ ،امیر ضلع گوادر مولانا لیاقت بلوچ ودیگر ذمہ داران بھی تھے ۔اس موقع پرمولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام اس بار الیکشن میں موقع ضائع نہ کریں بلکہ اچھے نیک صالح خادم لوگوں کاساتھ دیں۔ بدعنوان اور بار باردھوکہ دینے والے حقیقی عوامی تبدیلی نہیں لاسکتے اور نہ ہی عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں باربار دھوکہ فراڈسرمایہ اور غلط طریقے سے عوام پر مسلط ہونے والے کامیابی کے بعد مزید لوٹ مار کرکے عوام کو تباہ کریگی دینی ووٹ کا متحد ہونا خوش آئندہے انشاء اللہ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ،متحدہ مجلس عمل نو جوانوں کو باعزت روزگار ، میرٹ پر سرکاری ملازمتیں ، معذورنوجوانوں کو سو فیصد روزگار اور ہر نوجوان کو ملکی سیاسی جمہوری عمل میں ہراول دستہ بنائے گی ۔انتخابات 2018 ء میں دینی ووٹرزو نوجوان اہم اور پرجوش ہے لیکن روایتی سیاست ، کرپٹ مافیا ،دولت کے انبار اور نام نہاد کرپٹ الیکٹ ایبلز نوجوانوں کے جذبات کا خون کر رہے ہیں ۔پاپولر جماعتیں ستر سال کے فرسودہ نظام کے ذریعے مجرمانہ حربے استعمال کر رہی ہیں ۔ قومی جمہوری جماعتیں سدباب کریں ۔ فوجی قیادت خود بھی اس کا تدارک کرے ۔ ماضی کی طرح برادری ازم ، مال و دولت کا اثر ، کنٹرولڈ سیاست و جمہوریت کے مہرے 2018 ء کے انتخابات کو بھی ذاتی مفادات اور کرپشن کے لیے یرغمال بنانا چاہ رہے ہیں ۔اہلیان بلوچستان ،محبان دین ووٹر ز بیدار ہیں ، ظلم و جبر اور کرپشن کا نظام بدل دیں گے ۔ گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع کی حالت کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ حکومت ومنتخب نمائندوں نے اس پسماندہ ووسائل سے مالامال صوبے کے ہر ضلع کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے ۔