مستونگ خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی، دہشت گردی کا واقعہ داعش کی کارروائی ہے، حملہ آور کا نام حافظ نواز اور اس کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، آئی جی بلوچستان

  • July 19, 2018, 11:18 pm
  • National News
  • 53 Views

کوئٹہ(این این آئی )انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہاہے کہ مستونگ میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کی شناخت کرلی ہے۔یہ بات انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو جمعرات کے روزبریفنگ کے دوران بتائی ،آئی جی بلوچستان نے کہاہے کہ مستونگ میں دہشت گردی کا واقعہ داعش کی کارروائی ہے اور خودکش حملہ آور کا نام حافظ نواز ہے اور اس کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق آئی جی بلوچستان کے مطابق خودکش حملہ آور ایبٹ آباد سے سندھ گیا جہاں وہ کالعدم تنظیموں سے رابطے میں رہا اور وہ لشکر جھنگوی میں بھی رہا جب کہ حملہ آور کے سہولت کاروں کا بھی پتہ چلا لیا گیا ہے۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ مفتی حیدر اور حافظ نعیم داعش کے مقامی کمانڈر ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔مستونگ میں خودکش دھماکا، بی اے پی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 سے زائد افراد شہیدہوئے تھے ،آئی جی بلوچستان نے بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ افغانستان میں داعش نے کنٹرول سنبھال لیا ہے جہاں سے وہ بلوچستان بھی آگئے ہے۔یاد رہے کہ 13 جولائی کوضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی تحریک کی انتخابی مہم میں خودکش حملے کے نتیجے میں نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 149 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
انٹروٹو
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی سٹی ٹی ڈی اعتزازاحمد گورایہ نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ میں ملوث خودکش حملہ آور کی شناخت جائے وقوعہ سے ملنے والے ہاتھ کے فنگر پرنٹ کے ذریعے کر کے اس کی تصویر کی اس کے بھائی اور والد نے شناخت کی ہے حملہ آور کا بھائی اور بہن دو سال قبل افغانستان جا چکے ہیں خودکش حملہ آور کو سہولت کاری فراہم کرنے والوں کا تعلق مستونگ سے ہے جن کی تلاش جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی ٹی ڈی کے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر ایس ایس پی محمد شوکت بھی موجود تھے ڈی آئی جی سٹی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ13 جون کو مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں ہونیوالے خودکش حملے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے ان کا تجزیہ شروع کر دیا ہے تا حال رپورٹ نہیں ملی پولیس دیگر قانو نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر رہی ہے انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں خودکش حملہ آور کی شناخت حفیظ نواز ولد محمد نواز سکنہ ساکروٹھٹھہ کے نام سے کی گئی ہے جس کے اہل خانہ گزشتہ چالیس سال سے وہاں پر موجود ہے اس سے قبل وہ ایبٹ آباد میں رہائش پذیر تھے اور جس کے بعد وہ ٹھٹھہ منتقل ہو گئے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات اور شواہد سے حاصل ہونیوالی معلومات کے مطابق خودکش حملہ آور کے بھائی اور بہنیں افغانستان چلے گئے ہیں اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں اور سیکورٹی فورسز سمیت قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار تحقیقات کر رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت اور اہل خانہ کی تلاش میں سی ٹی ڈی کراچی نے بھر پور تعاون کیا ہے انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کو مقامی سہولت کاروں نے علاقے میں پہنچایا ہے جس کے بعد اسے مذکورہ پروگرام تک لے کر گئے ڈی آئی جی نے بتایا کہ جو بھی شواہد ملے ہیں ان کی روشنی میں قانو ن نافذ کرنیوالے ادارے، فرنٹیئر کور اور پولیس مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر رہے ہیں ہماری عوام الناس سے یہی اپیل ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات میں پولیس اور دیگر اداروں سے تعاون کرے کیونکہ جائے وقوعہ پر کوئی سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ جلسہ گاہ میں آنیوالوں کی چیکنگ کا کوئی انتظام نہیں تھا اس لئے علاقہ مکینوں سے گزارش ہے کہ وہ تعاون کرے تاکہ اصل حقائق تک پہنچا جا سکے واقعہ میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید اور ڈیڑھ سے زائد ہی زخمی ہوئے ہیں انہوں نے بتایا کہ اب تک حاصل ہونیوالی معلومات سے یہی ظاہر ہو تا ہے کہ مقامی سہولت کار ہی اسے لے کر آیا ہے اور ان کا تعاون درکار رہا ہے فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ان کی رپورٹ سے صحیح معلوم ہو گا کہ دھماکہ میں کونسا کیمیکل اور کونسا مواد کتنی مقدار میں استعمال کیا گیا ہے انہوں نے میڈیا سے گزارش کی کہ میڈیا اور سوشل میڈیا بغیر تحقیق کسی قسم کی خبر شائع نہ کرے سانحہ مستونگ کے حوالے سے بھی بہت غلط رپورٹنگ کی گئی ہے اس بار تو ہم اس مسئلے کو نظرانداز کر رہے ہیں لیکن آنیوالے وقتوں میں میڈیا اور سوشل میڈیا کی جانب سے جو بھی غلط رپورٹ کی گئی تو اس کو شامل تفتیش کر کے قانون کے مطابق کا رروائی کرینگے کیونکہ غلط رپورٹنگ سے ہی تحقیقات کا عمل غلط سمت کی جانب جا سکتا ہے اور دہشت گردوں کو اس سے فائدہ پہنچتا ہے اس لئے ہمیں مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ذمہ دارانہ طور پر اپنے فرائض نبھانے چا ہئے یہ ملک اور قوم کے مفاد میں ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ 2 سہولت کاروں کی گرفتاری کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں انہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرے اور اپنے جلسوں، ریلیوں، کارنر میٹنگ میں آنیوالے لو گوں کو چیک کریں یہ عمل ان کے ووٹروں اور سپورٹروں اور ان کے لئے فائدہ مند ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سانحہ مستونگ کا خودکش حملہ آور چوتھی لائن میں بیٹھا ہوا تھا اور اس نے باپ پارٹی کا جھنڈا پکڑا ہوا تھا جیسے ہی تقریر شروع ہوئی تو اس نے اسٹیج کے سامنے آکر اپنے آپ کو اڑا لیا حالانکہ سیکورٹی انچارج امان اللہ نے اسے روکنے کی کوشش بھی کی جس دوران اس نے اپنے آپ کو اڑایا واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ اس سے قبل کے ریکارڈ کے مطابق آئی جی پولیس آفس ، سانحہ سول ہسپتال، سانحہ پولیس ٹریننگ کالج کے واقعات کی بھی دو تین تنظیمیں ذمہ داری قبول کر تی رہی ہے اور اس کی بھی دو تنظیموں نے ذمہ داری قبول کی ہے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی داعش کے زیر سایہ کام کر رہی ہے اور یہ تنظیمیں اپنی کا رروائیوں کے لئے ایک دوسرے کو سہولت کاری مہیا کر تی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی خودکش حملہ آور کی شناخت کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے ہاتھ کے فنگر پرنٹ کے ذریعے اس کی شناخت کی گئی ہے اور پھر اس کے والد اور بھائی نے تصدیق کی خودکش حملہ آور نے یلو کلر کی جیکٹ پہنی ہوئی ہے اس کا خاندان کئی سال قبل ایبٹ آباد میں رہائش پذیر تھا اس کے بعد ساکرو ٹھٹھہ میں آکر رہائش پذیر ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کے دیگر بہن بھائیوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے مزید تحقیقات سی ٹی ڈی کا عملہ کر رہا ہے۔