محمد خان طوراتمانخیل کے نااہلی کے مقدمہ کے ری ٹرائل کا حکم

  • July 19, 2018, 11:17 pm
  • National News
  • 43 Views

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جناب جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بینچ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد امیدوار برائے حلقہ پی بی 4لورالائی حاجی محمدخان عرف طوراوتمانخیل کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ لورالائی کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو منظور کرتے ہوئے اس کی ری ٹرائل کا حکم دیدیاہے ۔گزشتہ روزحاجی محمدخان عرف طوراوتمانخیل کو بینچ کے روبرو پیش کیاگیا بلکہ ان کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لورالائی کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی پیروی ان کے وکلاء سید ایازظہور ایڈووکیٹ،امیر محمد ترین ایڈووکیٹ اور صادق خان علی زئی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے لاء آفیسر ہارون کاسی ایڈووکیٹ اور دیگر بھی پیش ہوئے ۔سماعت کے دوران دلائل ہونے کے بعد بینچ نے حاجی محمدخان عرف طوراوتمانخیل کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لورالائی کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل منظور کرتے ہوئے مقدمہ کو ری ٹرائل کیلئے ٹرائل کورٹ بھیجنے کی ہدایت کی ۔ یاد رہے کہ حاجی محمدخان عرف طوراوتمانخیل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لورالائی نے جعلی ڈگری کیس میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس پر انہوں نے ہائی کورٹ کے بینچ کے سامنے سرنڈر کیاتھا بلکہ فیصلے کو کالعدم قراردینے کیلئے اپیل بھی دائر کی تھی جسے گزشتہ روز منظور کرلیاگیا۔حاجی محمدخان عرف طوراوتمانخیل جمعرات کے روز تک پولیس کی حراست میں رہے تاہم فیصلہ آنے کے بعد انہیں رہا کردیاگیاہے اب حاجی محمدخان عرف طوراوتمانخیل انتخابات میں حصہ لینے کیلئے بھی اہل ہوگئے ہیں ۔