بی اے پی کا منشور خوشحالی وترقیافتہ بلوچستان کی ضمانت ہے ، سعید ہاشمی

  • July 18, 2018, 10:57 pm
  • National News
  • 34 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بی اے پی کا منشور خوشحال و ترقیافتہ بلوچستان کی ضمانت ہے آئندہ عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کر کے صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس و قابل عمل اقدامات اٹھائے گی پارٹی میں خدمات سرانجام دینے والے کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیں گے روایتی سیاسی جماعتوں نے بلوچستان کو نظر انداز کرکے یہاں کے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ 29 سے محمد فضل غلام حسین لانگو محمد ناصر لہڑی محمد شہروز لہڑی محمد اصغر جہانزیب خان لانگو محمد یاسین حاجی عبدالغفار نقیب اللہ لانگو وڈیرہ شہزاد طاہر لانگو کی ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ شمولیت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کو دیگر صوبوں کے مساوی ترقی کے مواقعوں کی فراہمی اور قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے بلوچستان پر خصوصی توجہ دینے اور غیر معمولی ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی ضرورت رہی ہے تاہم بد قسمتی سے بلوچستان روایتی سیاسی جماعتوں کی ترجیح نہیں رہا سی پیک خطے میں معاشی و اقتصادی تبدیلی کا اہم منصوبہ ہے تاہم وفاقی سطح پر اقتدار میں موجود سیاسی جماعتوں کی عدم توجہ کے باعث بلوچستان کے عوام سی پیک کی افادیت سے بہرا مند ہونے کے لیے تیکنیکی طور تیار نہیں جس میں وفاقی جماعتوں کی مجرمانہ غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔