عوامی نیشنل پارٹی اور جے ڈبلیو پی کے درمیان سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ

  • July 17, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب زادہ شاہ زین بگٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر نواب زادہ ارباب عمر فاروق کاسی نے انتخابی مہم کے دوران سانحہ پشاور اور سانحہ مستونگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ 25جولائی کو عوام نکل کر اپنے خیر خواہ اور ایماندار امیدواروں کو کامیاب کرینگے ،جمہوری وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان اتحاد کے مثبت نتائج برآمدہونگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی رہنما سید صالح آغا، چوہدری نوید،اے این پی کے مابت کاکا،عبدالقیوم آغا سمیت دیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمہوری وطن پارٹی نے این اے 265کوئٹہ پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوارنوابزادہ عمر فاروق کاسی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے این اے 256پر جمہوری وطن پارٹی کے امیدوار نوابزادہ شازین بگٹی کی حمایت کردیا۔نوابزادہ عمر فاروق کاسی نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی بہتری عوام کو مسائل سے نجات دلانے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اس سلسلے میں گزشتہ دنوں این اے 265پر عوامی نیشنل پارٹی کی ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی بھی انتخابی ایڈجسٹمنٹ ہوئی جس کے تحت ہماری جماعت نے صوبائی اسمبلی کی 2نشستوں جبکہ ایچ ڈی پی نے این اے 265پر ہماری حمایت کی اسی سلسلے میں آج جمہوری وطن پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے جس کے تحت ہماری جماعت نے این اے 256پر جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شازین بگٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ کی سطح پران جماعتوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ بنائیں جو کوئٹہ کی بہتری اورعوام کومسائل سے نجات دلانے کیلئے کردارادا کرسکتی ہوں۔اس موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابراہیم لہڑی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے این اے 256پر ہماری حمایت کااعلان کیا ہے جبکہ جے ڈبلیو پی نے این اے 265پر نوابزادہ عمر فاروق کاسی کی حمایت کی ہے ہم ملکر دونوں جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے جدوجہدکریں گے ۔ایک سوال پر نوابزادہ عمرفاروق کاسی نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ناخوشگوار واقعات کے باعث انتخابی سرگرمیاں محدودہوگئی ہیں پشاور میں ہارون بلوچ اور مستونگ میں نوابزادہ سراج خان رئیسانی کی شہادت کے واقعات افسوسناک ہیں تاہم 25جولائی کوعوام اپنے گھروں سے نکل کر اپنے مستقبل کیلئے امیدواروں کاانتخاب کریں گے۔