سانحہ مستونگ کے شہداء کے لواحقین کی ہرممکن امداد کی جائے گی ،وزیراعلیٰ مری

  • July 17, 2018, 11:15 pm
  • National News
  • 44 Views

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کے شہداء کے لواحقین کی ہرممکن امداد کی جائے گی اور شہداء کے لواحقین کو امداد کی فراہمی میں تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ کے متاثرین کی امداد وبحالی فنڈ کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلااس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہداء کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مالی معاونت کے عمل میں درپیش تمام پیچیدگیوں کو دور کرکے عمل کو زیادہ آسان بنایا جائے تاکہ لواحقین کو مشکلات نہ اٹھانی پڑیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہداء کے لواحقین کی بحالی کے لئے قائم فنڈز کے امور کو جلد نمٹایا جائے تاکہ اس میں مخیر حضرات اپنا حصہ ڈال سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ مستونگ میں کئی خاندانوں کے چراغ گل ہوگئے ہیں ان خاندانوں کو حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فنڈ کے قیام کا مقصد شہداء کے بچوں کو تعلیم، صحت، اور رہائش کی سہولیات کی فراہمی ہے، حکومت اپنے وسائل سے متاثرین کی بھرپور معاونت کرے گی تاہم عوام بالخصوص مخیر حضرات کا تعاون بھی درکار ہوگا کیونکہ متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کے باعث زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سانحہ کے زخمیوں کو بہترین علاج کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی مالی امداد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔