دہشتگردی کے بزدلانہ واقعات ہمیں کمزور نہیں کرسکتے ، خرم شہزاد

  • July 14, 2018, 12:10 am
  • National News
  • 202 Views

کوئٹہ(خ ن )نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان بلوچستان حکومت ملک خرم شہزاد نے گزشتہ روز دیگر صوبائی وزراء4 کے ہمراہ سول ہسپتال کوئٹہ میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ملک خرم شہزاد نے لوگوں سے بات چیت کرنے کے دوران کہا کہ مستونگ کے علاقہ درینگڑھ میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خود کش حملے میں نوابزادہ میر سراج رئیسانی سمیت دیگر معصوم لوگوں کی شہادت پر نہ صرف عوام بلکہ حکومت کو بھی گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس انسانیت سوز واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ کارروائیوں سے عوام حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے پائے استقامت میں کوئی کمزوری نہیں آسکتی لہٰذا اہمارے حوصلے ہمالیہ پہاڑ کی مانند بلند اور سخت ہیں اسی طرح کے نار وا کارروائیوں سے ہمارے معصوم بھائی ہم سے جد ا ضرور ہوئے ہیں لیکن ان کی اس عظیم قربانی سے ملک اور صوبے میں امن وسلامتی اور استحکام پیدا ہوگا انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت اور تمام سیکیورٹی ادارے عوام کے مال و جان کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کے علاج ومعالجہ میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیئے۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلی بلوچستان کے احکامات کے تناظر میں نگران صوبائی وزیر صحت فیض کاکڑ اور سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر نے مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اور ان کے لواحقین کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے سول ہسپتال میں مستونگ دھماکہ شکایت سیل قائم کر دیا ہے، اس حوالے سے متعلقہ ٹیلی فون اور موبائل نمبرز پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ 081۔9202639، 03348882201۔ جبکہ واضح کی گئی ہے کہ مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ اور اس تمام صورتحال کی نگرانی نگران صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت خود کر رہے ہیں۔ جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ مستونگ دھماکے کے لواحقین کو ادویات کی خریداری یا دیگر اخراجات پر جو خرچہ آیا ہے وہ درخواست بمعہ رسید متعلقہ شکایت سیل میں جمع کروائیں انہیں حکومتی وضع کردہ طریقہ کار کے تحت ادا کر دی جائیگی۔