سانحہ درینگڑھ ، شہداء کی یاد میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں سوگ کا سماں

  • July 14, 2018, 12:08 am
  • National News
  • 147 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر+نیوزایجنسیاں)حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت کی جانب سے سانحہ درینگڑھ (مستونگ )میں شہید ہونے والے افراد کی یاد میں بلوچستان کی طرح ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا ،نواب زادہ میر سراج رئیسانی سمیت 131افراد کی خودکش حملے میں شہادت پرملک بھر کی فضا سوگوار رہی، قومی پرچم سرنگوں رہا ، ٹریفک بھی سڑکوں پر معمول سے کم رہی ، سڑکوں پر کالے جھنڈے بھی لگائے گئے، کاروباری مراکز بند رہے ، سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ فاتحہ خوانی کیلئے شہدا کے گھروں میں جارہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان اوروفاقی حکومت کی جانب سے سانحہ درینگڑھ(مستونگ )شہید ہونے والے افراد کی یاد میں ملک بھر میں سرکاری سطح پر سوگ منایا گیا ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا ۔ بلوچستان کی صوبائی حکومت کے تحت یوم سوگ کادوسرا روز تھا ۔ عام انتخابات سے پہلے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی امیدواروں کو نشانہ بنائے جانے اور قیمتی جانی نقصان پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی، ٹریفک بھی سڑکوں پر معمول سے کم رہی ، سڑکوں پر کالے جھنڈے بھی لگائے گئے، کاروباری مراکز بند رہے ، سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ فاتحہ خوانی کیلئے شہدا کے گھروں میں جارہے ہیں۔مستونگ خود کش حملے میں شہید افراد کی تعداد 131ہو گئی، زخمیوں کی تعداد 119ہے،59زخمی اب بھی کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 5شدید زخمی کراچی منتقل کیے گئے ۔ دوسری جانب مستونگ خود کش حملے کی تحقیقات کے لیے تحصیلدار مستونگ بلند خان کو تفتیشی افیسر مقرر کیا کردیا گیا ،واقعہ کامقدمہ لیویزتھانے میں درج کیا گیاجس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ۔مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوبزادہ سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔واقعہ میں شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کو گذشتہ روز مستونگ کے علاقے کانک میں سپرد خاک کیاگیا ، ان کی قبر پر آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی،نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ شہید کے گھروالوں، رشتے داروں سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام اور قبائلی عمائدین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سی ایم ایچ کوئٹہ کینٹ کادورہ کیا اور مستونگ خودکش حملے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔