سانحہ مستونگ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے ٹرتھ کمیشن بنایا جائے ،لشکری رئیسانی

  • July 14, 2018, 11:32 pm
  • National News
  • 698 Views

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہاہے کہ سانحہ مستونگ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے ٹرتھ کمیشن بنایا جائے ،ریاست اپنی ذمہ داریوں کو قبول کرتے ہوئے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لائے میرے بھائی اور دیگر لوگوں کے قاتل چند افراد نہیں بلکہ ایک پورا سسٹم ہے ،انہوں نے یہ ہفتہ کو ساراوان ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہاکہ جو لوگ سانحہ مستونگ میں شہید ہوئے اور اب تک دہشتگردی کا شکار ہونیوالے تمام افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتاہوں ہم ایک دوسرے کے خاندانوں سے کافی عرصے سے افسوس کررہے ہیں لیکن یہ مسئلے کا حل نہیں ہیں،انہوں نے کہاکہ جس ملک میں پالیسی کو پارلیمنٹ کے بجائے اشخاص بنائیں اور وہ پالیسی کسی خاص مقصد کیلئے ہو اس ملک میں ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اب میں اور بلوچستان کے لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 9پر عملدرآمد نہیں ہورہاہے تو ہم اللہ کے دروازے کو کھٹکٹائیں گے اور اسی سے انصاف طلب کریں گے ،انہوں نے کہاکہ کسی بھی واقع کے بعد بیرونی دشمن کے ملوث ہونے کے الزامات کی بات اب عام ہوچکی ہے بغیر تفتیش کے کسی کا بھی نا م لے لیا جاتاہے کہ واقع کے میں وہ ملوث تھا ،میں الزامات لگانے کی بات کو تسلیم نہیں کرتا پاکستان ایک ذمہ دارریاست ہے اسکی اپنی پالیسیاں ہیں ،ریاست اپنی ذمہ داری کو قبول کرے اوراپنی پالیسیاں تبدیل کرے ،انہوں نے کہاکہ میرے بھائی اور دیگر لوگوں کے قاتل افراد نہیں بلکہ پورا سسٹم ہے ،میرا مطالبہ ہے کہ اس بحرانی کیفیت سے نکلنے کیلئے ایک ٹرتھ کمیشن بنایا جائے اور روز اول سے ہونیوالے واقعات کے ذمہداروں کا تعین کریں مجھے معلوم ہے انہیں سزا تو نہیں ہوگی لیکن کم از کم لوگوں کو تسلی تو ہوگی کہ اس قسم کے واقعات کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔