حقوق کیلئے وفاق سے ٹکراؤ کی بجائے پرامن جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ،نوابزادہ لشکری رئیسانی

  • July 11, 2018, 10:54 pm
  • National News
  • 109 Views

کوئٹہ( پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ صوبے سے غربت، ، بیماری ، ناخواندگی اور بے اتفاقی کو مشترکہ جدوجہد کے ذریعے شکست دینگے ۔ قومی مقصد کے حصول کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہوگا۔ بلوچستان کی خوشحالی اور وقار کی جاری جنگ یہاں آباد تمام اقوام سے اپنا حصہ ڈالنے کی متقاضی ہے ۔ وفاق سے اضافی چیز نہیں مانگ رہے آئینی حقوق کیلئے وفاق سے ٹکراؤ کی بجائے پرامن جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز بلوچی سٹریٹ ، کلی رسالدار سریاب،جوائنٹ روڑریلوے کالونی، سرکی کلاں میں منعقدہ انتخابی اور شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عدیل عباسی، وحید اقبال، عمر خیام ، عدنان، حنیف ، ظفر اقبال سمیت متعدد افراد نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اجتماعات سے حلقہ 32 کے امیدوار ملک نصیر شاہوانی، میر سکندر شاہوانی، میر قاسم پرکانی، خیر جان شاہوانی، پیر جان شاہوانی، ظفر مینگل، ٹکری عبدالخالق، داود اغا ،کامران بلوچ ،مالک آغا، خالد آغا، اشراف بنگلزئی ،عبدالواجد کرد حاجی منیر احمد بنگلزئی علاوالدین خان کاکڑ نعمت اللہ کرد ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ نوابزدہ میر حاجی لشکر ی خان رئیسانی کا کہنا تھا کہ وفاقی جماعتوں کوبلوچستان کی پسماندگی کا ذمہ دار ٹھہرانے کی بجائے ہمیں خود کو احتساب کے عمل سے گزارنا ہوگا ۔ ہم 70 سالوں سے استحصال کی چکی میں پھنسنے کے باجود آج تک اپنے آئینی حقوق کیلئے یک پلیٹ فارم پر جمع نہیں ہوسکے ہیں ۔اربوں کے وسائل کا اختیار غیر حقیقی نمائندوں کو دیکر ان سے نالیاں اور سڑک تعمیر کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ زندہ قوموں نے اپنی متحدہ جدوجہد اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرکے موقع پرستوں کو شکست دی ہے ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی عوام فیصلہ کریں کہ وہ اپنا قومی اختیار نااہل لوگو ں کو دیں گے یا وطن سے احساس محرومی کے خاتمہ کیلئے ایک پرچم تلے متحد ہوکر اس سرزمین کی نمائندگی کا اختیار صوبے کے وارثوں کے ہاتھوں میں دینگے ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام کی تائید سے بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی نمائندہ جماعت اپنی آئندہ نسلوں کی باعزت اورباوقارزندگیوں کیلئے جدوجہد میں مزید تیزی لائے گی