بلوچستان پولیس نے قربانیوں کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں ،آئی جی پولیس

  • July 11, 2018, 9:20 pm
  • National News
  • 90 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس نے قربانیوں کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں پولیس کی عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے قربانیوں کے باعث آج مثالی امن قائم ہے جبکہ پولیس کے جوان عوام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی ہر وقت مدد ایمانداری کی بھی مثالیں قائم کررہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سینٹر پولیس آفس میں 8ایگل فورس کے جوانوں کو شہری کی مدد کرنے اور اسے بروقت ہسپتال پہنچا نے اور اسکے گمشدہ 55ہزار ، موبائل اور موٹر سائیکل واپس لوٹا دینے الیکشن کمیشن پر تعینات اہلکار نے وہاں آنے والے شخص کو 5لاکھ روپے امانت سمجھتے ہوئے واپس کرنے اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی چوہدری منظور سرور اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ آج دنیا میں پولیس کو عوام دوست قرار دیا جا رہا ہے ۔ جبکہ بلوچستان پولیس عوام دوستی کی مثالیں قائم کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ نہ صرف عوام کے تحفظ کے لئے دی گئی ذمہ داری بہتر انداز میں سر انجام دے رہی ہے بلکہ عوام کی بروقت مددکیلئے بھی کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ حال ہی میں قائم ایگل فورس کی کار کردگی بہتر رہی ہے جوکہ اسٹریٹ کرائم کے علاوہ عوام کی بروقت مدد کرتے ہوئے عوام دوستی کی مثال قائم کردی ہے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے رحیم بخش کانسٹیبل اور ایگل فورس کے جوانوں کی ایمانداری اور عوام دوستی پر انعام دیتے ہوئے کہا کہ فورس نے قابل تقلید مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے ایگل فورس کے 8جوانوں کو شہری کی بروقت مدد کرنے اور پولیس کانسٹیبل کو 5لاکھ کی رقم واپس لوٹا نے پر نقد انعامات اورتعریفی سرٹیفکیٹ دیئے ۔