صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان

  • July 11, 2018, 9:19 pm
  • National News
  • 59 Views

کوئٹہ(اے پی پی)بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اور صوبے کے عوام عام انتخابات میں ماضی کی نسبت بہتر فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں میں شامل عمل ہیں بلوچستان آج جس ڈگر پر ہے ان جملہ مسائل کا ادراک کرتے ہوئے صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا بی اے پی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اللہ تعالی نے موقع دیا تو بلوچستان میں گڈ گورننس قائم کر کے عوام کو بنیادی سہولیات و ضروریات فراہم کریں گے بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے ساحل و وسائل کا تحفظ کرتے ہوئے بلوچستان کے وسائل عوام کی بہبود پر صرف کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی اے پی مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے نامزد امیدواروں اور مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی حقوق کا تحفظ اور حصول ہی دیگر احساس محرومیوں کا مداوا ثابت ہو سکتا ہے طویل تلخ تجربات کے بعد بھی دیگر سیاسی جماعتوں سے اپنے مسائل کی امیدیں وابستہ کرنا وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں مختصر وقت میں بلوچستان کے بلوچ پشتون سمیت تمام قبائل اور طبقات کی بلوچستان عوامی پارٹی میں جوق در جوق شمولیت پارٹی پالیسیوں سے اتفاق کا اظہار ہے اس سے موقع پر بی اے پی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل حسنین ہاشمی نے کہا کہ قوم پرستی کے دعوے دار حکومتی اقتدار کے مزے لیکر آج عوام کی عدالت میں ہاتھ جوڑے پریشان حال کھڑے ہیں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران انہوں نے ذاتی و خاندانی مفادات کے حصول کے علاوہ عوام کے لئے کچھ نہیں کیا عوام ان کو مسترد کر چکی ہے اور شکست ان کا مقدر بن چکی ہے اس سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد نے بی اے پی کے صدر کو انتخابی مہم کے دوران پارٹی کی سرگرمیوں اور 14 جولائی کے جلسہ عام کی کوریج سے متعلق بریفنگ دی جس پر جام کمال خان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا سیل کی کارکردگی کو سراہا ۔