پاک ایران تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ، وزیراعلیٰ مری

  • July 11, 2018, 9:19 pm
  • National News
  • 100 Views

کوئٹہ(خ ن) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے بدھ کے روز کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل محمدرفیعی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مکران میں گذشتہ کئی روز سے جاری بجلی کے بحران کے حل کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر ایرانی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ مکران میں بجلی کی بحالی کے لئے جلد اپنے ملک کے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ ان تعلقات کو مزید وسعت ملے او مکران کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے پر امن ماحول میں انعقاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے آئی جی پولیس محسن بٹ اور تمام ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پراقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں انتخابات کے سلسلے میں ہونے والے جلسوں اور عوامی اجتماعات میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سیکیورٹی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔