مزدوروں کی اجتماعی قوت کمزور کرنیکی کوششوں کا حصہ نہیں بنیں گے، رمضان اچکزئی

  • July 10, 2018, 10:54 pm
  • National News
  • 48 Views

کوئٹہ (پ ر) پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان (رجسٹرڈ) کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبران پر مشتمل اجلاس خورشید لیبر ہال کوئٹہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محمد رمضان اچکزئی، خان زمان، بشیر احمد رند، عبدالمعروف آزاد، حاجی عزیز اللہ،ضیاء الرحمن ساسولی، علی اکبر شاہوانی، محمد فاروق بازئی، محمد رفیق لہڑی، عبدالعلی چراغ، عبدالحئی، سید محمد لہڑی، عبدالباقی لہڑی، محمد قاسم کاکڑ، سرزمین افغانی، نور محمد، عارف نیچاری، حاجی سیف اللہ، ملک وحید خان ، سید آغا محمد،عابد بٹ سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے کی تمام فیڈریشنوں ، یونینز اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے کا اعادہ کیا گیا اور کہاگیا کہ کنفیڈریشن کسی بھی صورت اور کسی بھی حال میں مزدوروں کی اجتماعی قوت کو کمزور کرنے کا حصہ نہیں بنے گی اور حتی الوسع کوشش کرے گی کہ فیڈریشنوں اور یونینز کے ساتھ تمام اختلافات پر بات چیت کی جائے جس میں مالکان سے مزدوروں کے حقوق حاصل کرنے ہوں۔اجلاس میں صوبائی وزیر اعلیٰ علاؤالدین مری، وزیر محنت عبدالسلام کاکڑ اور چیف سیکریٹری بلوچستان اختر نذیر سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ گریڈ19- کے جونیئر و متنازعہ سیکریٹری محنت بلوچستان کے 04جولائی کے تبادلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے اہل اور ایماندار گریڈ20- کے سیکریٹری محنت بلوچستان کی تعیناتی کرکے مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کا سدباب کریں اور مزدوروں کے حل طلب مسائل کو حل کریں۔