طبی سہولتوں کی فراہمی ماحولیاتی مسائل کا حل ترجیح ہے، فیض کاکڑ

  • July 10, 2018, 10:51 pm
  • National News
  • 34 Views

کوئٹہ(این این آئی )صوبائی وزیرصحت و ماحولیات فیض کاکڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت کی سہولیات عوام کو فراہم کرنے اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ ماحولیات کی بہتری کیلئے اقدامات اور عوامی بیداری کی غرض سے انہوں نے ہنہ سے مہم کا آغاز کیا ہے۔ اور انشاء اللہ جلد پورے صوبے میں اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ حکومت کی صحت پالیسی پر عملدرآمد اور ماحول کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں گزشتہ دنوں صوبائی وزیر نے ہنہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے ، ہسپتالوں اور ڈسپینسر یوں میں ادویات کی فراہمی ، طبی عملہ کو حاضری اور فرائض کی ادائیگی کا پابند بنانا اور ماحولیاتی آلودگی کے انسداد کیلئے حکومتی اقدامات جاری ہیں لیکن وہ صرف عوام کے بھر پور تعاون سے ہی نتیجہ خیز بنائے جاسکتے ہیں۔