نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری کا اچانک کوئٹہ شہر کا دورہ

  • July 10, 2018, 10:45 pm
  • National News
  • 72 Views

کوئٹہ(خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے منگل کے روز پرنس روڈ، جناح روڈ، شارع اقبال اور سرکلر روڈ کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے میزان چوک پرواقع مجوزہ پارکنگ پلازہ کے لئے مختص اراضی کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پارکنگ پلازے کی بروقت تعمیر کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری امورکو جلد نمٹاکر کام کا آغاز کیا جائے، بعدازاں وزیراعلیٰ نے سرکلر روڈ پر زیر تعمیر پارکنگ پلازے کا بھی دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کام کی سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایاجائے تاکہ شہر میں عوام کو درپیش پارکنگ کے مسئلے کو حل کیا جاسکے، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حکومت متعلقہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے فنڈز فراہم کریگی تاہم تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔